واٹس ایپ ہیکنگ کے ذریعے فراڈ سے بچاؤ کی آگاہی مہم شروع
واٹس ایپ ہیک ہونے کے بعد فوری ایپ کو ڈیلیٹ کرکے ری انسٹال کریں ون ٹائم او ٹی پی کسی کو نہ بتائیں:این سی سی آئی اے ، ایمرجنسی پروٹوکول جاری
لاہور(اپنے کامرس رپورٹر سے )شہر میں واٹس ایپ ہیکنگ کے ذریعے فراڈ کے واقعات میں اضافہ ،سادہ لوح شہری فراڈ کا شکار ہوکر لاکھوں روپے سے محروم ہونے لگے ، نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی(این سی سی آئی اے )نے ہیکنگ سے بچاؤ کیلئے آگاہی مہم کا آغاز کردیا ۔این سی سی آئی اے نے سوشل میڈیا سمیت مختلف پلیٹ فارمز کے ذریعے لوگوں کو واٹس ایپ ہیکنگ کے بعد کے ایمرجنسی پروٹوکول جاری کر دیئے ، شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ واٹس ایپ ہیک ہونے کے بعد فوری طور پر ایپ کو ڈیلیٹ کرکے ری انسٹال کیا جائے ،ری انسٹال کرنے کے بعد لاگ ان کرتے ہوئے اپنا 6 ہندسوں کا کوڈ فوراً درج کریں،کوڈ درج کرتے ہی ہیکر کے موبائل سے متاثرہ شہری یا اکاؤنٹ لاگ آؤٹ ہوجائے گا، اگر ہیکر نے ٹو سٹیپ ویری فکیشن آن کیا تو بھی ری انسٹال کرکے کوڈ لگانے سے وہ ایس ایم ایس تک رسائی حاصل نہیں کرسکے گا۔ شہری کسی بھی صورت اپنا ون ٹائم او ٹی پی کسی کو نہ بتائیں۔