ڈیزل 14 روپے لٹر سستا، پٹرول کی قیمت برقرار

ڈیزل 14 روپے لٹر سستا، پٹرول کی قیمت برقرار

دسمبر کیلئے ایل این جی کی قیمتوں میں5اعشاریہ 90فیصد تک کمی،نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد(نامہ نگار،دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک)حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا اعلان کر دیا ہے جس کے تحت ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 14 روپے فی لٹر کمی کی گئی ہے ۔ وزارت خزانہ سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کمی کے بعد ہائی سپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 265 روپے 65 پیسے فی لٹر مقرر کر دی گئی ہے ۔حکومت نے پٹرول کی قیمت برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے مطابق پٹرول کی قیمت 263 روپے 45 پیسے فی لٹر ہی رہے گی۔نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے آئندہ 15 روز کے لیے ہوگیا۔

دریں اثنا آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا)نے مائع قدرتی گیس (ایل این جی)کی قیمت میں کمی کر دی۔ دسمبر کیلئے قیمتوں میں کمی کے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ایل این جی کی قیمتوں میں5اعشاریہ 90 فیصد تک کمی کی گئی ہے ۔ سوئی سدرن کے سسٹم پر ایل این جی کی قیمت میں صفراعشاریہ68 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو جبکہ سوئی ناردرن کے سسٹم پر ایل این جی صفر اعشاریہ 57 ڈالرز فی ایم ایم بی ٹی یو سستی کی گئی ۔سوئی ناردرن کیلئے ایل این جی کی نئی قیمت 11اعشاریہ 83 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو جبکہ سوئی سدرن کیلئے ایل این جی کی نئی قیمت 10اعشاریہ 78 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو مقررکی گئی ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں