مجھے فوج پرفخر، احتساب اپنے اندر سے شروع کیا، شاہد آفریدی
فیض حمید کی سزا خوش آئند، ملک کو نقصان پہنچانے والے بھی کٹہرے میں لائیں سپر لیگ میں ٹیموں کے اضافے سے زیادہ کھلاڑیوں کو موقع ملے گا، کراچی میں گفتگو
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک، اسٹا ف رپورٹر)قومی کرکٹر شاہد آفریدی نے فیض حمید کی سزا خوش آئند قرار دیدی، اور مطالبہ کیا کہ ملک کو نقصان پہنچانے والوں کا بھی احتساب کیا جائے ، کراچی میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے احتساب کا عمل اپنے اندر سے شروع کیا، مجھے پاکستانی فوج پر فخر ہے ، فوج اپنے بچوں کو یتیم کرارہی ہے تاکہ ہمارے بچے یتیم نہ ہوں، انہوں نے کہا کہ جس نے بھی ملک کو نقصان پہنچایا اُسے کٹہرے میں لایا جائے ۔شاہد آفریدی نے کہا کہ ویسے یہ میرے کرنے کی بات نہیں مگر میں خوش ہوں کہ فیض حمید اور دیگر افسران کا احتساب ہورہا ہے ۔ شاہد آفریدی نے کہا کہ فوج میری اور الحمدللہ مجھے پاک آرمی پر فخر ہے۔
پاکستان سپرلیگ کے نئے سیزن میں دو فرنچائزز کے اضافے پر سابق کپتان نے کہا کہ پی ایس ایل میں دو ٹیموں کا اضافہ اچھا ہے ، اس سے زیادہ کھلاڑیوں کو موقع ملے گا۔انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل ہمارا اپنا برانڈ ہے ، روڈ شو پی ایس ایل کی مقبولیت کا ثبوت ہے ۔انہوں نے مستقبل کی صورت حال کو بھانپتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی کرکٹ ٹیم میں مزید تجربات کی ضرورت نہیں، اب ہمیں ورلڈ کپ کے لئے ٹیم فائنل کر لینی چاہیے ، میں ذاتی طور پر عالمی کپ سے پہلے سیریز کے دوران کھلاڑیوں کی تبدیلی کے حق میں نہیں ہوں۔ کپتان کو ایک ٹیم بنا کر دیں، تاکہ اسے بھی پتہ ہو میں کپتان ہوں، انہوں نے کہا کہ ڈیپارٹمنٹل کرکٹ ہونی چاہیے ، میں خود ڈیپارٹمنٹ سے کھیلا ہوں، سابق کپتان نے بگ بیش لیگ میں پاکستانی کرکٹرز کی شرکت پر سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اچھا ہے ، اس سے کھلاڑیوں کو تجربہ ملے گا۔ بابر، رضوان، شاہین وہاں سے کھیل کر آئیں گے ، جس سے ورلڈ کپ میں انہیں مدد ملے گی۔