سابق وزیر اعلیٰ منظور وٹو طویل علالت کے بعدانتقال کر گئے
86 سال عمر ،نماز جنازہ آج وساوے والا دیپالپورمیں 2بجے ادا کی جائیگی مسلم لیگ ق ، پی ٹی آئی ، پی پی سے وابستہ رہے ،صدر ، وزیر اعظم کا اظہار افسوس
لاہور (سپیشل رپورٹر)سابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں منظور وٹو طویل علالت کے بعد لاہور میں انتقال کر گئے ،ان کی عمر 86سال تھی،14 اگست 1939میں فاضلکا بھارتی پنجاب میں پیدا ہوئے ،اسلامیہ کالج سول لائنز لاہور سے تعلیم حاصل کی، پنجاب کے گیارہویں وزیر اعلیٰ بنے ، منظور وٹو پاکستان مسلم لیگ ، مسلم لیگ جناح ، مسلم لیگ جونیجو ،تحریک انصاف اور پیپلزپارٹی سے وابستہ رہے ،منظور وٹو وفاقی وزیر صنعت و پیداوار اور وفاقی وزیر امور کشمیر،وزیر مملکت اور سپیکر پنجاب اسمبلی بھی رہے۔
انہوں نے 1993 میں وزیراعلیٰ پنجاب کے عہدے پر فرائض سرانجام دیئے ،1985 سے 1993 تک پاکستان مسلم لیگ میں رہے ،1993 سے 1995 تک مسلم لیگ جونیجو میں رہے ،1995 سے 2002 تک پاکستان مسلم لیگ جناح میں رہے ،2002 سے 2008 تک پاکستان مسلم لیگ ق میں رہے ،2008 سے 2018 تک پیپلزپارٹی میں رہے ،2018 سے 2020 تک تحریک انصاف میں رہے ،2020 کے بعد میاں منظور وٹو نے دوبارہ پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کی،میاں منظور وٹو پیپلزپارٹی وسطی پنجاب کے صدر بھی رہے ۔نماز جنازہ آج چک ون ایس پی ، وساوے والا،تحصیل دیپالپور، ضلع اوکاڑہ میں 2بجے ادا کی جائیگی۔صدر مملکت آصف علی زرداری ،وزیر اعظم شہباز شریف ،بلاول بھٹو ، گورنر پنجاب ،راجہ پرویز اشرف ،یوسف رضا گیلانی ، فضل الرحمن ، طاہرالقادری ،حسن مرتضیٰ ، شہزاد سعید چیمہ ، رانا فاروق سعید اور دیگر نے اظہار افسوس کیا ۔