سہیل آفریدی کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع

سہیل آفریدی کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع

غیر حاضری پر مینا خان آفریدی اورشفیع اللہ اقبال آفریدی کو اشتہاری قرار دیا جائیگا پشاور ہائیکورٹ کی حفاظتی ضمانت کے کیسز کیلئے لارجر بینچ تشکیل دینے کی سفارش

اسلام آباد، پشاور (اپنے نامہ نگارسے ، دنیا نیوز)انسداددہشتگردی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین کی عدالت نے 26 نومبر احتجاج پر درج مقدمہ میں طلبی کے باوجود مسلسل غیر حاضری پر وزیر اعلیٰ کے پی کے سہیل آفریدی،صوبائی وزیر مینا خان آفریدی اور شفیع اللہ جان اقبال آفریدی کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کردی۔ گزشتہ روز سماعت کے  دوران عدالتی طلبی کے باوجود سہیل آفریدی، مینا خان آفریدی اور شفیع اللہ جان اقبال آفریدی عدالت پیش نہ ہوئے جس پر عدالت نے ان تمام کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

پشاور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنماؤں کی جانب سے حفاظتی ضمانت حاصل کرنے سے متعلق درخواستوں پر چار صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا، فیصلے میں وفاقی پراسیکیوٹر جنرل کی جانب سے حفاظتی ضمانت کے کیسز کے لیے لارجر بینچ تشکیل دینے کی سفارش کی گئی۔وفاقی پراسیکیوٹر جنرل نے مؤقف اختیار کیا کہ ایک ہی نوعیت کے ریلیف کے لیے درخواست گزار بار بار عدالت سے رجوع کر رہے ہیں، فیصلے میں یہ اعتراض بھی سامنے آیا کہ پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر حفاظتی ضمانت حاصل کرنے کے باوجود متعلقہ عدالتوں میں پیش نہیں ہوتے ۔تحریری فیصلے میں پشاور ہائیکورٹ نے اس معاملے کو لارجر بینچ کے قیام کے لیے چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ کو ارسال کرنے کا حکم دے دیا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں