جیل میں عمران کو 6 سے 7 کمرے ملے ہوئے ہیں : بیرسٹرعقیل
بیانِ حلفی دیں کہ ملاقات کے بعد سیاسی گفتگو نہیں ہو گی تو ملاقات ہو سکتی ہے بانی پی ٹی آئی کے پاس 10 بائی 8 کا کمرہ : شفقت اعوان، دنیا مہر بخاری کیساتھ
لاہور (دنیا نیوز) وزیرمملکت قانون بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ جیل رولز کے مطابق کوئی بھی سیاسی ملاقات نہیں کرائی جا سکتی۔ جیل مینو ئل کے مطابق ملاقات کرائی جاتی ہے ، کسی کی خواہش پر نہیں۔ بانی پی ٹی آئی کرپشن کی وجہ سے جیل میں ہیں، پی ٹی آئی چاہتی ہے کہ آئین اور قانون ان کے مطابق ہو۔دنیا نیوز کے پروگرام ‘‘دنیا مہر بخاری کے ساتھ’’ میں گفتگو کرتے ہوئے عقیل ملک نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد باہر آ کر اشتعال انگیز بیانات دیے جاتے ہیں، اداروں کے خلاف زہر اگلا جاتا ہے۔ اگر یہ ایسا رویہ رکھیں گے تو ملاقات نہیں ہو گی۔ جیل میں عمران کو 6 سے 7 کمرے ملے ہوئے ہیں، مرضی کا کھانا دیا جا رہا ہے، ورزش کرتے ہیں، کتابیں ملی ہوئی ہیں اور اخبارات دیے جا رہے ہیں۔ ان کی ڈیمانڈز پوری کی جاتی ہیں مگر یہ لوگ سچ نہیں بولتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ ایک بیانِ حلفی لکھ کر دے دیں کہ ملاقات کے بعد سیاسی گفتگو نہیں ہو گی تو ملاقات ہو سکتی ہے۔ تمام کے ٹرائل قانون کے مطابق چل رہے ہیں، کچھ کے ملٹری کورٹس میں بھی کیسز چل رہے ہیں۔ ادارے نے خود احتسابی کا عمل بھی شروع کر رکھا ہے ۔دوسری جانب رہنما تحریکِ انصاف شفقت اعوان نے کہا کہ ہم اڈیالہ جیل ملاقات کے لیے آئے ہوئے ہیں، جیل کے باہر دھرنا دیا ہوا ہے اور ہمارے پاس اس کے سوا کیا آپشن ہے ؟ ہمارے لیڈر کو مکمل طور پر آئسولیٹ کیا ہوا ہے ، چھوٹے سے کمرے میں قیدِ تنہائی میں رکھا گیا ہے ۔ ہمارا لیڈر اندر ہے ، ہم گھر بیٹھ سکتے ہیں؟،انہوں نے کہا کہ نواز شریف سے 50، 50 لوگوں کی ملاقات کرائی جاتی تھی، جبکہ بانی پی ٹی آئی سے بہنوں اور وکلا کی بھی ملاقات نہیں کرائی جا رہی۔ بانی پی ٹی آئی کے پاس صرف ایک 10 بائی 8 کا کمرہ ہے ۔ جیل رول کے مطابق جج اور میڈیا کو سیل میں لے جایا جائے ، وہ خود دیکھ لیں گے کہ حکومت نے کیا کیا سہولیات دی ہوئی ہیں۔