لانس نائیک محفوظ شہید کا یوم شہادت سیاسی و عسکری قیادت کا خراجِ عقیدت
راولپنڈی (اے پی پی) مسلح افواج کی اعلیٰ قیادت نے لانس نائیک محمد محفوظ شہید (نشانِ حیدر) کے یومِ شہادت پر انہیں بھرپور خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید کی لازوال شجاعت اور وطن کے لیے دی گئی عظیم قربانی مسلح افواج کے غیر متزلزل عزم اور پیشہ ورانہ مہارت کی روشن مثال ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز ، آرمی چیف ،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر،چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف اور چیف آف ایئر سٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھونے پاکستان کی مسلح افواج کی جانب سے لانس نائیک محمد محفوظ شہید، نشانِ حیدر کو ان کے یومِ شہادت پر بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا ہے ۔ 1971 کی جنگ کے دوران واہگہ سیکٹر میں انہوں نے دشمن کی شدید مزاحمت کے سامنے غیر معمولی جرأت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔ اس موقع پر پاکستان کی مسلح افواج قوم کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے تحفظ کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتی ہیں۔ صدرمملکت آصف علی زرداری نے شہید کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ لانس نائیک محمد محفوظ شہید کی لازوال قربانی ہمیشہ قوم اور آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ رہے گی۔ محفوظ شہید بہادری، قربانی اور وطن سے غیر متزلزل وفاداری کی روشن علامت ہیں ۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ لانس نائیک محمد محفوظ شہید جیسے بہادر سپوت ہی پاکستان کے ناقابل تسخیر دفاع کی ضمانت ہیں ، ان کی میدان جنگ میں تاریخی بہادری آنے والی نسلوں کے لیے بھی مشعل راہ ہے۔