وزارت موسمیاتی تبدیلی کی 3 ماہ کیلئے میگا منصوبوں پر پابندی کی تجویز
کاربن ایمیشن دہشتگردی سے خطرناک ، گاڑیوں کے کاربن اخراج کی تفصیلات طلب اسلام آباد میں صاف پانی کی فراہمی کیلئے منصوبے پر جلد کام شروع کرنے کی سفارش
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، این این آئی)وفاقی وزارتِ موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی تعاون نے وفاقی دارالحکومت سمیت ملک بھر میں سردیوں کے تین ماہ کے لئے میگا تعمیراتی منصوبوں پر پابندی عائد کرنے کی تجویز دے دی ہے ۔سیکرٹری وزارتِ موسمیاتی تبدیلی نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے موسمیاتی تبدیلی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بڑے تعمیراتی منصوبوں پر سردیوں میں پابندی سے کاربن اخراج اور سموگ میں نمایاں کمی لائی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کاربن اخراج سے متاثرہ دنیا کے دس بڑے ممالک میں شامل ہے اور یہ مسئلہ دہشت گردی سے بھی زیادہ خطرناک ہے۔
قائمہ کمیٹی کا اجلاس چیئرپرسن سینیٹر شیری رحمن کی صدارت میں ہوا ۔کمیٹی نے ملک میں خراب ایئر کوالٹی اور اسلام آباد میں صاف پانی کے منصوبوں میں تاخیر پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ شیری رحمن نے کہا کہ سی ڈی اے وفاق کا مضبوط ادارہ ہونے کے باوجود شہریوں کو صاف پانی فراہم کرنے میں ناکام ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد کا پانی پینے کے قابل نہیں اور سی ڈی اے دو سال سے صاف پانی کے منصوبے شروع نہیں کر سکا۔کمیٹی نے وزارتِ موسمیاتی تبدیلی، سی ڈی اے اور پلاننگ منسٹری کو مل کر اسلام آباد کے لیے صاف پانی کے منصوبے پر فوری کام شروع کرنے کی سفارش کی ، قائمہ کمیٹی نے وزارتِ موسمیاتی تبدیلی سے ملک بھر میں گاڑیوں کے کاربن اخراج کی تفصیلات طلب کر لیں ۔