جولائی تااکتوبر بڑی صنعتوں کی سالانہ پیداوار میں8.33فیصد اضافہ:مجموعی انڈسٹریل گروتھ 5.02فیصد ریکارڈ
چارماہ میں آٹو موبائل سیکٹر کی نمو میں 78.89فیصد اضافہ ،ماہانہ بنیاد پر سیمنٹ 12.73، گارمنٹس پیداوار 10.99فیصدبڑھی اکتوبرمیں ماہانہ بنیادوں پرپٹرولیم سیکٹر کی پیداوارمیں48.97فیصد اضافہ، فرٹیلائزر شعبہ کی نمو میں 3.89فیصداضافہ ریکارڈ ماہانہ بنیادپر فارماسیوٹیکل کی نمو 11.9فیصد تنزلی کا شکار ،آئرن اور سٹیل 2.40، کیمیکل 9.1، مشینری پیداوار5.8فیصدگر گئی
اسلام آباد (مدثرعلی رانا) بڑی صنعتوں کی پیداوار سالانہ بنیادوں پر 8.33فیصد بڑھ گئی ، ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق صنعتی پیداوار کی ترقی میں گزشتہ سال کے مقابلے نمایاں بڑھوتری ریکارڈ ہوئی ، رواں مالی سال کے پہلے 4 ماہ جولائی تا اکتوبر کے دوران مجموعی صنعتی پیداوار میں نمو 5.02 فیصد ریکارڈ ہوئی ،بڑی صنعتوں کے پیداواری اعدادوشمار پر رپورٹ میں بتایا گیا کہ ستمبر 2025 کے مقابلے اکتوبر 2025 میں صنعتی نمو 3.75 فیصد بڑھی، جولائی سے اکتوبر تک آٹو موبائل سیکٹر کی نمو میں 78.89 فیصد کا اضافہ ہوا ،ماہانہ بنیادوں پر آٹو موبائل سیکٹر کی نمو اکتوبر میں 65 فیصد، تعمیراتی شعبے سے سیمنٹ کی پیداوار میں بھی 12.73 فیصد کا اضافہ ہوا جبکہ گارمنٹس سیکٹر کی پیداوار بھی بہتر رہی، گارمنٹس کی پیداواری نمو 10.99 فیصد بڑھی، پٹرولیم سیکٹر کی پیداواری اعدادوشمار میں ایک ماہ میں 48.97 فیصد کا اضافہ ریکارڈ ہوا، فرٹیلائزر سیکٹر کی گروتھ 3.89 فیصد ریکارڈ ہوئی، جولائی سے اکتوبر کے دوران پٹرولیم سیکٹر کی گروتھ 12 فیصد سے زائد رہی اسی طرح کاٹن یارن کی پیداوار 2.23 فیصد، گارمنٹس کی 4.6 فیصد ریکارڈ ہوئی ، جولائی سے اکتوبر کے دوران کئی اہم صنعتی شعبوں میں نمو کی بجائے گراوٹ ریکارڈ ہوئی ہے ماہانہ بنیادوں پر فارماسیوٹیکل کا شعبہ نمو کی بجائے 11.9 فیصد تک تنزلی کا شکار رہا آئرن اور سٹیل سیکٹر کی پیداواری صلاحیت بھی 2.40 فیصد گر گئی، رپورٹ میں بتایا گیا کہ کیمیکل پراڈکٹس میں 9.1 فیصد، مشینری کی پیداوار 5.8 فیصد تنزلی کا شکار رہی ،جولائی سے ستمبر تک لکڑی سے مصنوعات کی پیداوار 1.46 فیصد، کیمیکلز 1.9 فیصد، فارماسیوٹیکل 6.6 فیصد، آئرن اینڈ سٹیل پراڈکٹس 3.2 فیصد اور فرنیچر سازی 16.4 فیصد تک تنزلی کا شکار رہی، ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 0 اعشاریہ 24 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔