الیکشن کمیشن کا بے بنیاد پراپیگنڈا کرنے پرسخت کارروائی کا فیصلہ
ہری پور انتخاب میں فارم 47 ریٹرننگ آفیسر نے بنایا،صبح 3بجکر16 منٹ پر کمیشن کو بھیجا 3بجکر22 منٹ پر ڈسٹرکٹ آفیسر نے یہی نتیجہ فراہم کیا،شفیع جان کا الزام بے بنیاد ، ترجمان
اسلام آباد (وقائع نگار)الیکشن کمیشن نے بے بنیاد اور گمراہ کن پراپیگنڈا کرنے والے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق جلد سخت کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ الیکشن کمیشن ترجمان کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق ایک مخصوص گروہ کی طرف سے حسب سابق الیکشن کمیشن کو دباؤ میں لانے کیلئے ہری پور ضمنی الیکشن کے سلسلے میں تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے جو کہ ایک ناکام کوشش ہوگی ۔ خیبر پختو نخواکے ترجمان شفیع جان نے اس انتخابی عمل کے حوالے سے بے بنیاد الزامات عائد کئے ہیں کہ فارم 47 ریٹرننگ آفیسر کی بجائے ئے اسلام آباد سے جاری کیا گیا ۔ الیکشن کمیشن اس الزام کو یکسر مسترد کرتا ہے ۔ این اے 18 ہری پور کے ضمنی انتخاب میں فارم 47 ریٹرننگ آفیسر نے تیار کیا اور جاری کیا.اس نے یہ فارم 24 نومبر 2025ء کو صبح 3:16 پر کمیشن کو بھیجا اور 3:22 پر ڈسٹرکٹ ریٹرنگ آفیسر نے بھی یہی نتیجہ کمیشن کو فراہم کیا۔ کمیشن نے 4:28 پر یہ فارم اپنی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کیا۔اس کے علاوہ ریٹرننگ آفیسر نے فارم 48 اور فارم 49 ،26 نومبر 2025ء کو کمیشن کو ارسال کیا ۔ یہ واضح کرنا ضروری ہے کہ فارم 47 ریٹرننگ آفیسر کے دستخط کے ساتھ ویب سائٹ پر دستیاب ہے ۔تاہم اگر اس سلسلہ میں کوئی شکایت ہے تو اس کا مناسب فورم الیکشن ٹربیونل ہے جہاں رجوع کیا جانا چاہیے نہ کہ بے بنیاد اور گمراہ کن پراپیگنڈا کیا جائے ۔ الیکشن کمیشن نے فیصلہ کیا ہے کہ ایسے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق جلد سخت کارروائی کی جائے گی۔