وزیر اعلیٰ سے ملوائو،اوکاڑہ کا وقار ایم پی اے ہاسٹلز کی کرین پر چڑھ گیا

 وزیر اعلیٰ سے ملوائو،اوکاڑہ کا وقار  ایم پی اے ہاسٹلز کی کرین پر چڑھ گیا

لاہور(سیاسی نمائندہ)اوکاڑہ سے تعلق رکھنے والے شخص وقار یونس نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے ملاقات کی خواہش میں پنجاب اسمبلی کے زیر تعمیر ایم پی اے ہاسٹلز کی کرین پر چڑھ کر احتجاج کیا جسے حکام کی یقین دہانی کے بعد بحفاظت نیچے اتار لیا گیا۔

پنجاب اسمبلی اجلاس کے دوران شام چھ بجے کے قریب سکیورٹی اہلکاروں نے ایک شخص کو اسمبلی سے ملحقہ زیر تعمیر عمارت  میں نصب بلند کرین پر چڑھے ہوئے دیکھا۔ بعد ازاں اس شخص کی شناخت اوکاڑہ کے وقار یونس کے طور پر ہوئی جس نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے حق میں بینرز بھی آویزاں کر رکھے تھے ۔واقعے کا فوری نوٹس سپیکر ملک محمد احمد خان نے لیا جبکہ اسمبلی سیکرٹریٹ کی اطلاع پر ریسکیو 1122 کے اہلکار پہنچ گئے ۔ ریسکیو اہلکاروں کے مطابق وقار یونس گھریلو ناچاقی کے باعث ذہنی دباؤ کا شکار تھا اور گھر واپس جانا چاہتا تھا۔ اس کا مطالبہ تھا وزیرِ اعلیٰ پنجاب سے ملاقات کرائی جائے ۔مذاکرات کے دوران مشیر وزیر اعلیٰ ذیشان ملک، مسلم لیگ (ن)کے چیف وہپ رانا ارشد اور سپیکر کے پرنسپل سیکرٹری عماد حسین بھلی نے اہم کردار ادا کیا۔ عماد بھلی مسلسل فون پر وقار یونس سے بات کرتے رہے جبکہ ذیشان ملک اور رانا ارشد نے جائز مطالبات حل کرانے کی یقین دہانی کروائی جس کے بعد وقار یونس کرین سے نیچے اترنے پر آمادہ ہوا بعد ازاں ذیشان ملک اور رانا ارشد اسے اپنی گاڑی میں بٹھا کر دفتر روانہ ہو گئے ۔رانا ارشد کے مطابق وقار کے بھائی محمد عارف سے بھی رابطہ کر لیا گیا ہے ،گھریلو ناچاقی کو خوش اسلوبی سے حل کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا وقار کو یہ گمان تھا وزیر اعلیٰ آج اسمبلی آئیں گی اسی لیے اس نے یہ قدم اٹھایا۔ معاملے کو نمٹانے کی ذمہ داری متعلقہ ڈپٹی کمشنر کو سونپ دی گئی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں