کراچی میں جماعت اسلامی کے ای چالان کیخلاف دھرنے
13 شاہراہوں پر احتجاج ،نارتھ کراچی میں پولیس کی مظاہرین کو روکنے کی کوشش شہر کا انفرا اسٹرکچر تباہ حال،بزنس کمیونٹی بھتہ خوری سے سخت پریشان ہے :منعم ظفر
کراچی (سٹاف رپورٹر)کراچی میں ای چالان اورہیوی ٹریفک سے اموات کیخلاف جماعت اسلامی نے گزشتہ روز شہر کی 13بڑی اور مرکزی شاہراہوں پر دھرنے دیئے اوراحتجاج کیا جبکہ نارتھ کراچی میں پولیس کی مظاہرین کو روکنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی ۔ تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی نے کالا بورڈ نیشنل ہائی وے ،تبت سینٹر ایم اے جناح روڈ،داؤد چورنگی،کراسنگ شاہراہ کورنگی،پاور ہاؤس چورنگی نارتھ کراچی و دیگر مقامات پر دھرنے دیئے ۔ شرکا ء نے سندھ حکومت و میئر، محکمہ پولیس اور متعلقہ اداروں کے خلاف احتجاج کیا جبکہ ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس اور بعد ازاں چورنگی شاہراہ قائدین پردھرنے سے خطاب میں امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفرخان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کا 17سالہ دور حکمرانی نا اہلی، کرپشن اور بد انتظامی کا بدترین امتزاج ہے ،شہر کا انفرا اسٹرکچر تباہ حال،بزنس کمیونٹی بھتہ خوری سے سخت پریشان ہے ، رواں سال خونی ڈمپر و ٹینکر اور ہیوی ٹریفک سے 254افراد جاں بحق اور 12ہزار زخمی ہو چکے ، 25شہری ڈاکوؤں کی گولیوں جبکہ بچوں سمیت 24افراد گٹر میں گر کر جان گنوا چکے ، لیکن سندھ حکومت کا سارا زور ای چالان پر ہے ،کل اتوار 21 دسمبر کو کراچی پریس کلب کے سامنے نوجوانوں کا بہت بڑا احتجاج ہوگا۔ شہریوں کو ہیوی ٹریفک اور مسلح ڈاکوؤں سے بچایا جائے ،ای چالان کے بھاری جرمانے ختم کیے جائیں ۔