تعلیمی بورڈز میں امتحانی نظام جدید ٹیکنالوجی پر منتقل کرنے کافیصلہ

 تعلیمی بورڈز میں امتحانی نظام جدید ٹیکنالوجی پر منتقل کرنے کافیصلہ

امتحانات کی ای مارکنگ ، مراکز پر طلبا کی حاضری بائیومیٹرک ہوگی ِ:مزمل محمود پیکٹا کا ماڈل پیپرز جاری کرنیکا حکم ،لاہوربورڈ میں عارضی بھرتی 80معاونین فارغ

لاہور(خبرنگار، مانیٹرنگ ڈیسک)پنجاب حکومت نے صوبے کے تمام تعلیمی بورڈز میں امتحانی نظام کو جدید ٹیکنالوجی پر منتقل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔ اس فیصلے کے تحت تمام بورڈز میں امتحانات کی ای مارکنگ کی جائے گی جبکہ امتحانی مراکز پر طلبا کی حاضری کیلئے بائیومیٹرک سسٹم نصب کیا جائے گا۔چیئرمین ٹاسک فورس برائے امتحانات پنجاب مزمل محمود نے کہا ہے کہ تمام تعلیمی بورڈز میں ای مارکنگ کا عمل متعارف کرایا جا رہا ہے تاکہ شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا  جا سکے ۔ 2026میں میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے کمپیوٹر امتحانات سے اس منصوبے کا پائلٹ مرحلہ شروع کیا جائے گا اور ڈیجیٹل اصلاحات کا یہ منصوبہ آئندہ تین برس میں مکمل طور پر نافذ کر دیا  جائے گا۔ تمام تعلیمی بورڈز کے لیے یکساں سوالات کا مرکزی بینک بھی قائم کیا جائے گا، جس سے امتحانی معیار میں بہتری اور یکسانیت پیدا ہوگی۔ ادھر پیکٹا نے تمام تعلیمی بورڈز کو ماڈل پیپرز جاری کرنے کا حکم دے دیا ہے اور تمام تعلیمی بورڈز نئے سمارٹ سلیبس کیمطابق ماڈل پیپرز جاری کرینگے ، میٹرک سالانہ امتحانات میں صرف 3 ماہ باقی رہ گئے ہیں جبکہ انٹرمیڈیٹ امتحانات اپریل کے پہلے ہفتے میں شروع ہونگے ۔دریں اثنا لاہور بورڈ نے پیپرزکی لوڈنگ و ان لوڈنگ کیلئے عارضی بھرتی 80معاونین کو ضرورت پوری ہونے پر نوکری سے فارغ کردیا ،اس وقت لاہور بورڈ کے پاس 350 معاونین موجود ہیں اور بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ کنٹریکٹ ملازمین کی بھرتی صرف تین ماہ کیلئے کی جاتی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں