عمران ، بہنوں کیساتھ غیر انسانی سلوک جمہوری اقدار کے منافی، آفریدی

عمران ، بہنوں کیساتھ غیر انسانی سلوک جمہوری اقدار کے منافی، آفریدی

قبائل میں ترقیاتی کام نہ ہونے کی وجہ وفاق سے فنڈز کی عدم فراہمی ہے اپر سوات کیلئے نئے ضلع ،سی ٹی ڈی کیلئے 17 ارب کی گرانٹ کی منظوری

پشاور(دنیا نیوز،آئی این پی)وزیراعلی خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ قبائلی اضلاع میں ترقیاتی کام نہ ہونے کی وجہ وفاق سے فنڈز کی عدم فراہمی ہے ،وفاق اور پنجاب حکومت کو سیاسی انتقام کی پالیسی ترک کر کے معیشت پر توجہ دینی چاہیے ، وفاقی اور پنجاب حکومت عمران خان، ان کی اہلیہ اور بہنوں کے ساتھ مسلسل غیر انسانی اور غیر جمہوری سلوک روا رکھے ہوئے ہیں جو جمہوری اقدار کے منافی ہے ۔ صوبائی کابینہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا این ایف سی ایوارڈ کے تحت وعدہ شدہ فنڈز مالی سال 2025-26 میں تاحال جاری نہیں کیے گئے ، جس کے باعث صوبے کو شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے ۔سہیل آفریدی نے کہا منگل کے روز واٹر کینن میں زہریلے کیمیکل کے استعمال سے کارکنوں اور قیادت کی طبیعت خراب ہوئی، جو ایک سنگین اور قابل مذمت اقدام ہے ۔ پرامن سیاسی کارکن اور منتخب پارلیمنٹیرینز پر تشدد جمہوری روایات کے خلاف ہے ۔

کابینہ اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ نے وزرا کو ہدایت کی کہ وہ ہر 15 دن بعد اپنے تفویض کردہ اضلاع کے فیلڈ وزٹس کو یقینی بنائیں۔معاون خصوصی اطلاعات شفیع جان کا کہنا ہے کہ احساس ریڑھی بان کے تحت قانون کو منظوری دے کر اسمبلی میں پیش کیا جائے گا ، خیبر پختونخوا میں اس وقت 1 لاکھ 40 ہزار ریڑھی بان ہیں ، ریڑھی بانوں کے لئے تما م شہری علاقوں میں مقامات مختص کئے جائینگے ، صوبائی کابینہ اجلاس کے بعد نیوز کانفرنس کرتے ہوئے شفیع جان کا کہنا تھا کہ صوبائی کابینہ اجلاس میں اپر سوات کے لئے نئے ضلع کی منظوری دی گئی ، جس کا ہیڈ کوراٹر مٹہ ہو گا ، سی ٹی ڈی کی استعداد بڑھانے کے لئے 17 ارب اور سپیشل برانچ کے لئے 14 ارب روپے کی گرانٹ کی منظوری دی ہے ، سپیشل برانچ اور سی ٹی ڈی کی استعداد کو بڑھانے کے ساتھ اس کو مزید جدید اسلحہ بھی دیا جائے گا ، خیبرپختونخوا کے ڈیجیٹل پیمنٹ کی منظوری بھی دی گئی، جو لوگ کے پی میں گورنر راج کا کہتا ہے تو وہ زرا ٹرانسپرنسی کی رپورٹ دیکھ لیں، ہری پوری انتخابات میں دھاندلی سے متعلق تحقیقات جاری ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں