جہانگیر ترین کا جاں بحق شوگر مل مزدوروں کے لواحقین کیلئے 60 لاکھ امداد کا اعلان
ملتان (لیڈی رپورٹر)جے ڈی ڈبلیو شوگر ملز کے مزدوروں کو لے جانے والی بس کو پیش آنے والے حادثے میں جاں بحق ہونے والے تین مزدوروں کے لواحقین کے لئے شوگر مل انتظامیہ کی جانب سے 60 لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان کر دیا گیا ہے یہ اعلان مل مالکان جہانگیر خان ترین اور مخدوم سید احمد محمود کی خصوصی ہدایت پر کیا گیا۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والے مزدوروں میں فیض احمد، عبدالرزاق اور شبیر احمد شامل ہیں، جن کے لواحقین کو فی کس 20 لاکھ روپے مالی امداد فراہم کی جائے گی۔ جہانگیر خان ترین اور مخدوم سید احمد محمود کے نمائندگان نے شیخ زید ہسپتال رحیم یار خان میں بس حادثے کے زخمیوں کی عیادت کی۔ انہوں نے زخمیوں کے علاج معالجے کے لئے ہر ممکن، مکمل اور بلا تعطل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔