دھند :شیخوپورہ میں ٹریفک حادثات 2 افراد جاں بحق، 9 زخمی
لاہور ،شیخوپورہ،سیالکوٹ (آئی این پی، مانیٹرنگ ڈیسک،نمائندہ دنیا )ملک کے مختلف شہروں میں دھند کا راج برقرار، اس دوران شیخوپورہ میں 3 ٹریفک حادثات کے دوران 2 افراد جاں بحق ، 9 شدید زخمی ہو گئے ۔دوسری طرف دھند کے باعث حدنگاہ متاثر ہونے پر موٹرویز کو متعدد مقامات سے عارضی طور پر بند کر دیا گیا۔
جبکہ سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے دبئی جانے والی پرواز ایف زیڈ 338 منسوخ کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق ملک کے بیشتر شہروں میں گزشتہ روز بھی دھند چھائی رہی جس سے حدنگاہ شدید متاثر ہوئی۔اس دوران ضلع شیخوپورہ میں لاہور روڈ پر قلعہ ستار شاہ سٹاپ کے قریب تیز رفتار بس نے سکوٹی کو ٹکر مار دی جس کے نتیجہ میں 50 سالہ لیاقت مظہر موقع پرہی دم توڑ گیا جبکہ تین افراد 25سالہ حماد ،28 سالہ فہد اور30سالہ ظفر زخمی ہو گئے ۔ علاوہ ازیں رضا چوک بائی پاس روڈ پر بھی ایک مسافر بس منی ٹرک سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 5 افراد شدید زخمی ہو گئے ۔دریں اثناء سرگودھا روڈپر فاروق آباد کے قریب شدید دھند کے دوران تیزرفتار کار سے موٹرسائیکل ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں ایک خاتون موقع پر جاں بحق جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہو گیا۔ تمام زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔ ادھر ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق موٹروے ایم ون پشاور سے رشکئی اور صوابی سے برہان تک ، ایم 2لاہورسے کوٹ مومن، ایم 3فیض پورسے جڑانوالہ تک،ایم 5 ملتان سے روہڑی، ایم 11لاہور سیالکوٹ موٹروے بند رہی، گوجرانوالہ، بہاولپور، احمد پور شرقیہ، رحیم یار خان اور صادق آباد سمیت دیگر شہروں میں قومی شاہراہوں پر بھی حد نگاہ کم ہوگئی جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ۔ شدید دھند اور موٹر ویز کی بندش کی وجہ سے سفر کرنے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔