رشوت کیس : اقبال سنگھیڑا کی بعد از گرفتاری ضمانت منظور
لاہور(کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شہرام سرور چودھری نے ہاؤسنگ سوسائٹی کا این او سی مسترد کرنے کی دھمکی اور رشوت لینے کے مقدمہ میں ایڈیشنل کمشنر ریونیو سیالکوٹ اقبال سنگھیڑا کی بعد از گرفتاری درخواست ضمانت منظور کر لی۔
عدالت نے ملزم کو دس لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض رہا کرنے کا حکم دے دیا، سرکاری وکیل نے موقف اپنایا کہ 8 لاکھ روپے کے علاوہ پیسے لینے کے شواہد دکھائیں، ملزم نے تفتیشی آفیسر کے سامنے رقم لینے کا اقرار کیا ہے جس پر عدالت نے ریمارکس دئیے کہ فوجداری مقدمہ میں ملزم کے تفتیشی کے سامنے بیان کی کوئی قانونی اہمیت نہیں ہوتی، سرکاری وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ملزم نے ہاؤسنگ سوسائٹی کے مالک سے 19 کروڑ 33 لاکھ روپے سے زائد رشوت وصول کی، وکیل ملزم نے مؤقف اپنایا کہ کمشنر ریونیو کا دفتر کوئی این او سی منسوخ کرنے کا اختیار نہیں رکھتا،جن دو پلاٹوں کا ذکر کیا ہے وہ کسی مہر النسانامی خاتون کے نام ہیں، تمام الزامات بے بنیاد ہیں ،درخواست گزار ملزم کے خلاف کوئی کیس نہیں بنتا،استدعا ہے کہ درخواست ضمانت منظور کر کے رہا کرنے کا حکم دیا جائے ۔