پنجاب فلم فنڈ کے حصول کے لیے فلمسازوں پر نئی شرائط عائد
لاہور(کرائم رپورٹر)حکومتِ پنجاب نے پنجاب فلم فنڈ کے حصول کے لیے فلمسازوں کے لیے نئی اور سخت شرائط عائد کر دی ہیں، جن کا مقصد فلم انڈسٹری میں شفافیت، پیشہ ورانہ معیار اور سرکاری فنڈز کے مؤثر استعمال کو یقینی بنانا ہے ۔
محکمہ ثقافت کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب فلم فنڈ کے لیے درخواست دینے والے فلمسازوں کو اب رجسٹریشن سرٹیفکیٹ کے ساتھ فلم کی مکمل ٹیم کی تفصیلات فراہم کرنا لازم ہوگا۔ فنڈ کے لیے درخواست کے ساتھ فلم ڈائریکٹر، اکاؤنٹس آفیسر، آرٹ ڈائریکٹر، کیمرہ مین، ساؤنڈ ریکارڈسٹ اور ایڈیٹر کی مکمل معلومات جمع کروانا ضروری قرار دیا گیا ہے ۔نئی شرائط کے تحت درخواست گزار کو اپنی مالی صلاحیت ثابت کرنا بھی لازم ہوگا۔ اس مقصد کے لیے فلمساز کو کم از کم ایک سال کی بینک اسٹیٹمنٹ جمع کروانی ہوگی، جبکہ فلم کے مجموعی بجٹ کا کم از کم 50 فیصد حصہ بینک بیلنس یا کریڈٹ سہولت کی صورت میں ظاہر کرنا بھی لازمی قرار دے دیا گیا ہے ۔حکومت پنجاب نے فلم فنڈ کے لیے ریلیز شدہ فلم کو بنیادی شرط قرار دے دیا ہے ۔ درخواست کے ساتھ فلم کی ریلیز کے حوالے سے سنسر بورڈ سرٹیفکیٹ اور تشہیری مواد کے ثبوت بھی طلب کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ کم از کم ایک سینما میں فلم کی نمائش کو بھی لازمی شرط بنا دیا گیا ہے ۔