قائمہ کمیٹی داخلہ میں جہیز پر پابندی کا بل مسترد،کریمنل لا ترمیمی بل منظور
جہیز بل شرمیلا فاروقی نے پیش کیا، والدین کو رضاکارانہ تحائف دینے کی اجازت کی شق بھی رکھی گئی تھی پروینشن آف لینڈ اسکیپ بل بھی مسترد ، اسلام آباد لوکل گورنمنٹ بل پر بحث کیلئے الیکشن کمیشن حکام طلب
اسلام آباد (دنیا رپورٹ، اے پی پی ) قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے اجلاس میں کمیٹی نے جہیز پر پابندی کا بل مسترد کر دیا جبکہ کریمنل لاء 2025 کا ترمیمی بل منظور کر لیا گیا۔ کمیٹی نے اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل پر بحث کے لیے الیکشن کمیشن کے حکام کو اگلے اجلاس میں مدعو کرنے کا بھی فیصلہ کیا ۔داخلہ کمیٹی کا اجلاس چیئرمین راجہ خرم شہزاد نواز کی زیر صدارت ہوا۔جہیز پر پابندی کا بل پیپلز پارٹی کی رکن شرمیلا فاروقی نے پیش کیا تھا، جس میں جہیز کو غیر قانونی قرار دینے کے ساتھ ساتھ سزاؤں کی تجاویز بھی شامل تھیں۔ بل میں والدین کو رضاکارانہ تحائف دینے کی اجازت کی شق بھی رکھی گئی تھی۔اجلاس میں کمیٹی نے کریمنل لاء ترمیمی بل 2025 متفقہ طور پر منظور کیا۔ اس ترمیم کے تحت ڈکیتی یا رہزنی کے دوران قتل کے مقدمات میں دہشتگردی کی دفعات لاگو ہوں گی۔ کمیٹی نے اس کے علاوہ پروینشن آف لینڈ اسکیپ بل بھی مسترد کر دیا۔
کمیٹی کے اراکین نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے لیے حلقہ بندیوں پر اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے تجویز دی کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کو جغرافیائی محل وقوع اور آبادی کے اعداد و شمار کو مدنظر رکھتے ہوئے حلقہ بندیاں کرنی چاہئیں۔کمیٹی نے حکومتی بل "ضابطہ فوجداری (ترمیمی) بل 2025" پر بحث اگلے اجلاس تک ملتوی کر دی اور وزارت قانون کو ہدایت کی کہ وہ اس مجوزہ قانون سازی پر بار کونسلز سے ان کی رائے طلب کرے ۔ سی ڈی اے کی جانب سے اسلام آباد کے سیکٹرز E-12، C-13، C-14، C-15، C-16 اور H-16 میں حاصل کی گئی زمینوں کی ادائیگیوں میں تاخیر سے متعلق توجہ دلا نوٹس پر بحث کرتے ہوئے کمیٹی نے کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو ہدایت کی کہ وہ اگلے اجلاس میں ایک قابل عمل تجویز پیش کرے ۔ کمیٹی نے زور دیا کہ جن شہریوں کی زمینیں حاصل کی گئی ہیں، انہیں مناسب معاوضہ ملنا چاہیے ۔