ایکس سے رابطہ بحال ،غیر اخلاقی مواد ڈیجیٹل جرائم کے 80لاکھ لنکس بلاک
اسلام آباد (ذیشان یوسفزئی) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے چیئرمین میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمن نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا انٹرنیشنل سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ساتھ رابطے میں ہیں اور شکایات ان تک پہنچاتے ہیں۔
انہوں نے کچھ اکاؤنٹس ہمارے لیے مختص کیے ہیں جن کے ذریعے رابطہ کرتے ہیں۔ چیئرمین پی ٹی اے نے بتایا ایکس (سابقہ ٹوئٹر) کے ساتھ پاکستان کا رابطہ منقطع ہوا تھا جو بحال ہوچکا ہے ، جب پاکستان میں ایکس پر بین لگایا گیا تو ایکس کا موقف تھا کہ چونکہ پاکستان میں ایکس بند ہے اس لیے پی ٹی اے سے رابطہ نہیں رکھ سکتے ، مئی 2025میں جنگ کے دوران ایکس سروسز بحال کی گئیں تو وہ رابطے میں آگئے ، ہم سنگاپور میں ان کے دفتر کے ساتھ رابطہ کرتے ہیں۔ چیئرمین پی ٹی اے نے ڈیجیٹل کرائمز سے متعلق بتایا ہم پندرہ لاکھ ایسے یو آر ایلز بلاک کر چکے ہیں جو ہیٹ سپیچ، سکیورٹی، دہشتگردی، توہین عدالت، ہراسانی اور جرائم سے متعلق تھے ۔ 65لاکھ ایسے یو آر ایلز بلاک کر چکے ہیں جو پورنو گرافی سے متعلق تھے ۔