یکم جنوری سے ACRنظام تبدیل رولز تیار، 4کیڈر گروپس کی ڈیجیٹل کارکردگی رپورٹس کیلئے احکامات جاری

یکم جنوری سے ACRنظام تبدیل رولز تیار، 4کیڈر گروپس کی ڈیجیٹل کارکردگی رپورٹس کیلئے  احکامات جاری

اسلام آباد (ایس ایم زمان) اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے وفاق کے ماتحت 12 سروس کیڈر گروپس کے 17 سے 21 گریڈ کے 20 ہزار سے زائد افسران کی سالانہ جائزہ و کارکردگی رپورٹ (اے سی آر) کا نظام تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا ۔

 اس فیصلے کے تحت افسران کی سالانہ کارکردگی رپورٹ مینوئل فارم پر ہاتھ سے لکھنے کے بجائے آن لائن ڈیجیٹل سسٹم کے ذریعے تیار کی جائے گی۔اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے افسران کی سالانہ جائزہ و کارکردگی رپورٹ کے نئے قواعد بھی تیار کر لیے جن کے مطابق اس نظام کا اطلاق مرحلہ وار تمام سروس کیڈر گروپس کے افسران پر کیا جائے گا۔ احکامات کے مطابق یکم جنوری 2026 سے سالانہ کارکردگی رپورٹ مینوئل طریقے سے لکھنے کا عمل مکمل طور پر ختم کر دیا جائے گا۔پہلے مرحلے میں چار سروس گروپس، پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس، پاکستان پولیس سروس، سیکر ٹریٹ سروس اور آفس مینجمنٹ سروس کے افسران کی سال 2025 کی سالانہ جائزہ و کارکردگی رپورٹ ڈیجیٹل سسٹم کے ذریعے پراسس کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے مطابق یکم جنوری 2026 سے ان چاروں سروس گروپس کے افسران کی کارکردگی رپورٹس ہاتھ سے تحریر نہیں کی جائیں گی۔احکامات کے تحت وفاق اور صوبوں میں تعینات مذکورہ سروس گروپس کے 17 سے 21 گریڈ کے افسران کی سال 2025 کی سالانہ جائزہ و کارکردگی رپورٹ آن لائن ڈیجیٹل سسٹم کے ذریعے تیار کر کے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو ارسال کی جائے گی۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے مطابق مرحلہ وار تمام سروس کیڈر گروپس کو اس نظام میں شامل کیا جائے گا جبکہ مینوئل فارم پر لکھی گئی سالانہ کارکردگی رپورٹس ناقابلِ قبول ہوں گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں