فیلڈ مارشل کا خطے میں استحکام کیلئے اہم کردار :خواجہ آصف

فیلڈ مارشل کا خطے میں استحکام کیلئے اہم کردار :خواجہ آصف

پاک افغان سرحد پر خارجیوں کیخلاف کارروائی کابھارتی حملوں سے موازنہ غلط عالمی برادری بھی افغانستان میں دہشتگردی کے پھیلاؤ پر اظہار تشویش کرچکی

اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے خطے میں استحکام کیلئے اہم کردار ادا کیا۔ بیان میں وزیر دفاع نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل کے خطے میں اہم کردار کا اعتراف فنانشل ٹائمز نے بھی کردیا، عالمی سیاست میں پاکستان کا مثبت کردار سامنے آیا ہے ۔ انہوں نے معرکہ حق میں قائدانہ صلاحیت دکھائی، سعودی عرب سے فیلڈ مارشل کو ایوارڈ ملنا سب سے بڑی کامیابی ہے ، ملک میں معاشی اصلاحات نظر آ رہی ہیں۔وزیر دفاع نے مزید کہا کہ فنانشل ٹائمز کا اعتراف پاکستان کیلئے بہت بڑی سفارتی کامیابی ہے ، بانی پی ٹی آئی کے دور حکومت میں سفارتی تعلقات بہت خراب ہوئے ، بانی پی ٹی آئی نے امریکا کو برا بھلا کہا، سعودی عرب کے ساتھ بھی تعلقات خراب کئے ۔ دریں اثنا وزیر دفاع نے سماجی را بطے کی ویب سائٹ پر کہا کہ افغانستان پاکستان سرحد پر ٹی ٹی پی سے وابستہ خارجی دہشت گردوں کے مستند کیمپوں کے خلاف پاکستان کی کارروائی کا موازنہ بھارت کی جانب سے بہاولپور اور مریدکے میں مساجد و مدارس پر کئے گئے غیر قانونی حملوں سے کرنا سراسر غلط اور نامناسب ہے ۔

خواجہ آصف نے کہا عالمی برادری اور اقوام متحدہ بھی افغان طالبان کے زیرِ سایہ افغانستان میں دہشت گردی کے پھیلاؤ پر شدید تشویش کا اظہار کر چکے ہیں۔ پاکستان میں آئے روز افغانستان سے داخل ہونے والی دہشت گرد تنظیمیں اور عناصر اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ سرحد پار دہشت گردی ایک حقیقت ہے جس کا پاکستان مسلسل سامنا کر رہا ہے ۔خواجہ آصف نے کہا پہلگام وا قعہ پر بھارت آج تک کوئی قابلِ قبول ثبوت پیش نہیں کر سکا، جبکہ پاکستان نے ابتدا ہی سے غیرجانبدار اور شفاف بین الاقوامی تحقیقات کی پیشکش کی۔ ان کے مطابق اقوام متحدہ کی جانب سے جاری رپورٹ بھی اس بات کی تائید کرتی ہے کہ بھارتی جارحیت غیرقانونی اور بے بنیاد تھی، جبکہ پاکستان کا ردعمل بین الاقوامی قوانین کے مطابق اور مکمل طور پر جائز تھا۔ وزیر دفاع نے مزید کہا کہ بھارت اس کی پراکسی خوارج اور ان کے ہمدردوں کے حوالے سے کسی بھی قسم کا ابہام نہ پہلے تھا اور نہ اب ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے کل بھی حقائق واضح کئے تھے اور آج بھی، اور الحمدللہ، ریاست اپنے موقف اور دفاع پر پوری طرح مضبوطی سے قائم ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں