ایس آئی ایف سی اصلاحات سے معیشت بہتر، سرمایہ کار اعتماد بحال
اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر) سپیشل انویسٹمنٹ فسیلی ٹیشن کونسل(ایس آئی ایف سی) کی مؤثر سہولت کاری اور جامع معاشی اصلاحات کے باعث پاکستانی معیشت میں واضح بہتری دیکھنے میں آ رہی ہے جس کے نتیجے میں صارفین اور ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے ۔
اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چار برسوں میں پاکستان کے زرِ مبادلہ کے ذخائر نمایاں طور پر بڑھ کر مارچ 2022 کے بعد 21.1 بلین ڈالر تک پہنچ گئے ، جس سے معیشت کو استحکام حاصل ہوا۔بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسیوں گیلپ اور ڈی اینڈ بی نے پاکستانی معیشت میں بہتری کا اعتراف کرتے ہوئے صارفین کے اعتماد میں مجموعی طور پر 19 فیصد اضافے کی تصدیق کی ہے ۔ معاشی ماہرین کے مطابق یہ پیش رفت پائیدار معاشی بحالی کی جانب ایک اہم اشارہ ہے ۔ماہرین کا کہنا ہے کہ ایس آئی ایف سی کی دور رس پالیسیوں اور مؤثر معاشی اصلاحات کے باعث مالی عدم تحفظ میں کمی آئی جبکہ سرمایہ کاری کے ماحول میں بہتری پیدا ہوئی۔ معاشی ماہر خاقان نجیب کے مطابق پاکستان نے گزشتہ 28 سے 30 ماہ کے دوران میکرو اکنامک استحکام حاصل کیا، درآمدات کو قابو میں رکھا اور کرنٹ اکاؤنٹ میں سرپلس حاصل کیا۔ماہرِ معیشت اشفاق تولہ کے مطابق صارفین کے اعتماد میں اضافہ اور مثبت معاشی اشاریے حکومت اور ایس آئی ایف سی کے بروقت اقدامات کا نتیجہ ہیں۔