کراچی سے قیمتی گاڑی چھین کر فرار ڈاکو اندرون سندھ مارا گیا
کراچی (سٹاف رپورٹر ) کراچی کے علاقے گلستان جوہر سے قیمتی گاڑی چھین کر فرار ہونے والا ڈاکو اندرون سندھ مارا گیا، جبکہ بلوچ کالونی پولیس نے کرسمس کے روز ڈکیتی کرنے والے ملزم کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے پکڑ لیا۔
تفصیلات کے مطابق سچل کے علاقے گلستان جوہر سے پولیس کی گاڑی سے مشابہت رکھنے والے گاڑی میں سوار افراد جمعہ کی صبح پوچھ گچھ کے بہانے روکی گئی قیمتی گاڑی چھین کر فرار ہو گئے ۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مختلف ہائی ویز پر ناکہ بندی کر دی گئی ۔ایس ایس پی قمبر حسن سردار نیازی کی سربراہی میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بدنام زمانہ کار لفٹر ساجد چانڈیو کو پولیس مقابلے میں ہلاک کردیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کراچی سے چوری شدہ گاڑی لے کر جا رہا تھا کہ پولیس نے تعاقب کیا، جس پر ملزم نے فائرنگ کر دی، جوابی کارروائی میں ساجد چانڈیو مارا گیا، جبکہ اس کا ایک ساتھی فرار ہو گیا۔ ہلاک ملزم متعدد سنگین وارداتوں، کار لفٹنگ اور پولیس مقابلوں میں بھی مطلوب تھا۔ دوسری جانب بلوچ کالونی پولیس نے گھروں اور دکانوں میں ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث گروہ کے اہم کارندے سجاد ولد اقبال کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم 25 دسمبر کو محمود آباد میں ڈکیتی کی واردات میں ملوث تھا، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ چکی ہے ،ملزم کے خلاف درخشاں اور ساحل تھانوں میں بھی مقدمات درج ہیں۔