آزاد کشمیر :باغ کے 2حلقوں میں ن لیگ اندرونی اختلافات کاشکار
شرقی سے میراکبر کی شمولیت پر اعجاز کھٹانہ ناراض ، را ہیں جدا کرنے پر غور وسطی سے راجہ مشتاق منہاس راجہ یاسین امیدوار ،نشست جیتنے میں مشکلات
اسلام آباد (خاور نواز راجہ) آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے آمدہ الیکشن کے لئے سیاسی جماعتوں میں جوڑ توڑ شروع ،پیپلزپارٹی نے تحریک انصاف کے ممبران اسمبلی کو شامل کرلیا اب ن لیگ نے بھی مضبوط امیدواروں کو شامل کرنے کا سلسلہ شروع کررکھاہے ، ایل اے 16 شرقی باغ سے تحریک انصاف کے ممبرقانون سازاسمبلی سردارمیراکبر کی ن لیگ کی شمولیت کے بعد آج مسلم کانفرنس کے چیف آرگنائزر حلقہ 5 کھاوڑہ سے راجہ ثاقب مجید ن لیگ میں باضابط شمولیت اختیار کریں گے ، تاحال باغ کے دونوں حلقوں میں ن لیگ اندرونی اختلافات کاشکار نظر آرہی ہے ، ن لیگ پہلے مرحلے میں ہی اختلافات نظر آنا شروع ہو گئے ، شرقی باغ سے ن لیگ کے سابق ٹکٹ ہولڈر اعجاز کھٹانہ نے سردارمیراکبر کی شمولیت کے موقع پرتقریب میں شرکت نہیں کی اعجاز کھٹانہ کے ساتھ پیپلزپارٹی اورتحریک انصاف نے شمولیت کے لئے رابطے شروع کر دئیے ، امکان ہے کہ اعجاز کھٹانہ ن لیگ سے را ہیں جداکرلیں گے جس سے اس حلقے میں مسلم لیگ ن کے لیے مشکلات پیداہوجائیں گے ، اسی طرح وسطی باغ میں سابق وزیر حکومت راجہ یاسین کو ن لیگ میں شمولیت کے موقع پر ان کے ساتھ وعدہ کیا گیاتھا کہ 2018 کا الیکشن مشتاق منہاس لڑ ینگے اور2026 کاالیکشن راجہ یاسین لڑیں گے ، تاہم بظاہر نظر یہی آرہاہے کہ یہاں سے الیکشن ایک بار پھر مشتاق منہاس لڑیں گے اورراجہ یاسین نے اگر یہاں سے آزادالیکشن لڑے تو ن لیگ کے لئے یہ نشست بھی حاصل کرنا مشکل ہوجائے گی ۔