سابق بنگلہ دیشی وزیراعظم خالدہ ضیا انتقال کر گئیں
عمر80برس تھی ، جگر کے عارضے سمیت متعدد امراض میں مبتلا تھیں 1991میں ملک کی پہلی خاتون وزیر اعظم بنیں، جیل بھی گئیں آج تدفین ،3روزہ قومی سوگ،صدر ، وزیر اعظم کا اظہار افسوس
ڈھاکہ،اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیا 80 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔ خالدہ ضیا جگر کے عارضے سمیت کئی امراض میں مبتلا تھیں اور کافی عرصے سے ڈھاکہ کے ایک ہسپتال میں زیر علاج تھیں، منگل کی صبح 6بجے وہ خالق حقیقی سے جا ملیں۔خالدہ ضیا نے 1991 سے 1996 اور پھر 2001 سے 2006 تک ملک کی وزیراعظم کے طور پر خدمات انجام دیں۔وہ بنگلہ دیش کی پہلی خاتون وزیراعظم تھیں ، انہیں مسلم دنیا میں بے نظیر بھٹو کے بعد دوسری خاتون وزیراعظم ہونے کا اعزاز بھی حاصل تھا۔خالدہ ضیا بنگلہ دیش کے سابق صدر ضیا الرحمن کی اہلیہ تھیں۔ سیاسی کیریئر کے دوران ان پر کرپشن کے الزامات لگے ۔ انہیں 2018 میں 5 برس کیلئے جیل بھی کاٹنا پڑی تھی۔ عوامی لیگ کی لیڈر شیخ حسینہ سے ان کی طویل سیاسی رقابت رہی۔ خالدہ ضیا کو آج بدھ کو دارالحکومت ڈھاکہ میں سرکاری اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا جائے گا۔
ان کی تدفین چاندرِما اُدیان کے قریب ضیا اُدیان میں ان کے شوہر سابق صدر ضیاالرحمٰن کے پہلو میں کی جائے گی۔ سکیورٹی وجوہات کے باعث جنازہ اور تدفین کے موقع پر عام عوام کے داخلے پر پابندی ہوگی۔ نماز جنازہ دوپہر دو بجے منک میا ایونیو پر ادا کی جائے گی، جس کے بعد ساڑھے تین بجے تدفین عمل میں آئے گی۔ صرف مدعو افراد اور مجاز عملے کو شرکت کی اجازت دی گئی ہے ۔انتظامیہ نے جنازہ اور تدفین کے دوران نظم و ضبط قائم رکھنے کے لیے 10ہزار سے زائد سکیو رٹی اہلکار تعینات کیے ہیں ۔ چیف ایڈوائزرمحمد یونس اور سیاسی رہنماؤں کے علاوہ غیر ملکی سفارتکار بھی شرکت کریں گے ۔ خالدہ ضیا کے انتقال پر بنگلہ دیش میں تین روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا گیا ہے ۔ محمد یونس نے قوم سے پرامن رویہ اپنانے اور سوگ کی تمام رسومات میں ضبط و تحمل دکھانے کی اپیل کی۔وزیر اعظم شہباز شریف نے خالدہ ضیا کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ منگل کو ایکس پر اپنے تعزیتی پیغام میں وزیر اعظم نے خالدہ ضیا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بنگلہ دیش کی ترقی اور خوشحالی کے لیے عمر بھر جدوجہد کی ۔
پاکستان کی مخلص دوست تھیں۔انہوں نے خالدہ ضیا کے اہلخانہ اور بنگلہ دیش کے عوام کے ساتھ دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اﷲتعالی ٰمرحومہ کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے ۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے خالدہ ضیا کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ ایکس پر پیغام میں صدر مملکت نے سابق وزیر اعظم کے اہلخانہ اور بنگلہ دیش کے عوام سے دلی تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ مرحومہ کی قیادت اور خدمات کو احترام کے ساتھ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے دعا کی کہ اﷲتعالیٰ مرحومہ کو جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے ۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بھی خالدہ ضیا کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر سردار ایاز صادق ڈھاکہ روانہ ہو گئے ، سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق خالدہ ضیا کے جنازے میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے ۔ سپیکر قومی اسمبلی اپنے دورے کے دوران خالدہ ضیاکے اہلخانہ سے ملاقات کر کے حکومت پاکستان اور عوام کی طرف سے تعزیت کا اظہار کریں گے ۔سردار ایاز صادق بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے اعلیٰ حکام سے بھی ملاقات کریں گے ۔بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر بھی خالدہ ضیا کے جنازے میں شرکت کریں گے ۔