بے نظیر جمہوریت ،محروم طبقات کیلئے طاقتور آواز تھیں :گیلانی
شہادت نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا کا ناقابلِ تلافی نقصان ، تقریب سے خطاب جمہوری اقدار ،عوامی حقوق کیلئے خالدہ ضیا کی جدوجہد کو یاد رکھا جائیگا ، چیئرمین سینیٹ
اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے ،سٹاف رپورٹر ) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو محض ایک سیاسی رہنما نہیں بلکہ جمہوریت، انسانی وقار اور محروم طبقات کی ایک طاقتور آواز تھیں۔ ان کے افکار، جرات اور اخلاقی بصیرت آج بھی قومی شعور میں پوری قوت کے ساتھ زندہ ہیں۔یہ بات انہوں نے بے نظیر بھٹو کی یومِ شہادت کے موقع پر بی آئی ایس پی کے زیرِ اہتمام منعقدہ تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی سطح کی ایک عظیم رہنما تھیں اور ان کی شہادت پوری دنیا کیلئے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ سید یوسف رضا گیلانی بی آئی ایس پی کے بانیوں میں شامل ہیں ان کی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں۔ ۔چیئرمین سینیٹ نے کہا ہے کہ خالدہ ضیا نے بنگلہ دیش کی سیاسی تاریخ میں جمہوری اقدار کے فروغ اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لئے طویل اور مؤثر جدوجہد کی، جسے ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا ،چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان اور عوام غم کی گھڑی میں بنگلہ دیشی قوم کے ساتھ ہیں۔