پاکستان ،اے ڈی بی میں دو موسمیاتی منصوبوں پر دستخط
اسلام آباد (این این آئی)حکومت پاکستان اورایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے درمیان 304.5 ملین ڈالرمالیت کے دو بڑے موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق منصوبوں پر دستخط ہوگئے ۔
وزارت اقتصادی امور ڈویژن کی طرف جاری اعلامیہ کے مطابق ان منصوبوں میں 180.5 ملین ڈالر مالیت کا سندھ کوسٹل ریزیلینس سیکٹر پراجیکٹ اور پنجاب کلائمٹ ریزیلینٹ اور 124 ملین امریکی ڈالر مالیت کا لو کاربن زرعی مشینری منصوبہ شامل ہے ۔ سیکرٹری وزارت اقتصادی امور ڈویژن محمد حمیر کریم نے اس موقع پربتایا کہ یہ منصوبے نہ صرف پاکستان کے ساحلی اور زرعی علاقوں کو موسمیاتی اثرات سے محفوظ بنانے میں کلیدی کردار ادا کریں گے بلکہ معاشی استحکام، غذائی تحفظ اور شمولیتی ترقی کے اہداف کے حصول میں بھی نمایاں معاون ثابت ہوں گے ۔ پنجاب کلائمٹ ریزیلینٹ اور لو کاربن زرعی مشینری منصوبہ پنجاب کے 30 اضلاع میں زرعی پیداوار اور موسمیاتی تبدیلی کو بہتر بنائیگا ۔