سندھ کابینہ :لینڈ ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن کاقانون منظور
جنوری سے کھلی کچہریوں کادوبارہ آغاز ،21 بلدیاتی سکول ٹی سی ایف کے سپرد عوامی شکایات کانوٹس،ازالہ نہ ہواتوافسروں کے خلاف کارروائی ہوگی:مرادشاہ
کراچی (سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت کابینہ کے اجلاس میں اہم فیصلے کئے گئے جن میں صوبے بھر میں زمین کے ریکارڈ کی ای ٹرانسفر اور ڈیجیٹلائزیشن کیلئے سندھ لینڈ ریونیو بل کی منظوری، موٹر تھرڈ پارٹی انشورنس کا نفاذ، ڈینش سکولوں کیلئے زمین کی فراہمی، دی سٹیزنز فاؤنڈیشن کے ساتھ بلدیاتی سکولوں کے انتظام کے معاہدے ، بین الصوبائی رابطہ محکمے کے کردار کی تنظیم نو اور صوبائی و ضلعی سالانہ ترقیاتی پروگرام برائے مالی سال 27-2026کیلئے رہنما اصولوں کی منظوری شامل ہے ۔وزیراعلیٰ نے امن و امان، پولیس، صحت، بلدیاتی خدمات، پانی کی فراہمی، سڑکوں، آبپاشی اور تعلیم سے متعلق شکایات کا نوٹس لیا۔وزیراعلیٰ نے تمام افسروں کو ہدایت دی کہ عوامی شکایات فوری طور پر حل کی جائیں اور رپورٹ پیش کی جائے ۔انہوں نے اعلان کیا کہ کھلی کچہریوں کا دوبارہ آغاز جنوری کے دوسرے ہفتے سے کیا جائے گا اور اگر شکایات کا مناسب ازالہ نہ ہوا تو متعلقہ افسروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔