بلوچستان کے کئی شہر وں،کراچی میں بارش ،سردی میں اضافہ

بلوچستان کے کئی شہر وں،کراچی میں بارش ،سردی میں اضافہ

میدانی علاقوں میں شدیددھند، ٹرینیں تاخیر کا شکار،فلائٹس آپریشن بھی متاثر کوئٹہ ،گوادر،جیونی میں نشیبی علاقے زیرآب،گلگت بلتستان میں برفباری جاری

اسلام آباد ، لاہور (اپنے رپورٹر سے ، نیوز رپورٹر، اپنے کامرس رپورٹر سے ، نیوز ایجنسیاں) کراچی میں موسم سرما کی پہلی بارش نے ماحول مزید سردکردیا جبکہ بلوچستان کے کئی شہروں میں بھی بادل کھل کربرسے ،جڑواں شہروں میں رات گئے بونداباندی ہوئی جبکہ میدانی علاقوں میں شدید دھند سے ٹرین شیڈول بری طرح متاثر رہا، ٹرینیں گھنٹوں تاخیر کا شکار ہوئیں ،فلائٹس آپریشن بھی متاثررہا، گلگت بلتستان میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس سے سردی بڑھ گئی۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں موسم سرما کی پہلی بارش ہوئی ،صدر، جیل روڈ سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں تیز بارش سے سردی میں اضافہ ہوگیا ، شہر میں آج رات اور کل ہلکی بارش کا امکان ہے ۔ ادھر کوئٹہ ،چمن، حب، وندر، پشین، زیارت، مسلم باغ سمیت مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے ۔کوئٹہ، گوادر اورجیونی میں بارش سے ندی نالوں میں طغیانی اور نشیبی علاقے زیر آب آگئے ۔جنوبی و شمالی وزیرستان کے بالائی علاقوں میں بھی برفباری اور بارش سے موسم سرد ہوگیا۔

دھند پرکراچی سے لاہور ملت ایکسپریس 6 گھنٹے 30 منٹ ، قراقرم ایکسپریس 3 گھنٹے 50 منٹ ،علامہ اقبال ایکسپریس 3 گھنٹے 30 منٹ، تیز گام ایکسپریس 3 گھنٹے 10 منٹ، پاک بزنس ایکسپریس 3 گھنٹے ،کراچی ایکسپریس 2 گھنٹے 50 منٹ ،رحمن بابا ایکسپریس 2 گھنٹے 45 منٹ، عوام ایکسپریس 2 گھنٹے 40 منٹ ،شالیمار ایکسپریس 2 گھنٹے 35 منٹ، پاکستان ایکسپریس 2 گھنٹے 30 منٹ ،خیبر میل ایکسپریس 2 گھنٹے 10 منٹ ،گرین لائن ایکسپریس 1 گھنٹہ 40 منٹ لیٹ ہوئی جس سے مسافر وں کو پریشانی کا سامنا کرناپڑا ۔دھند پرلاہور ،سیالکوٹ ، فیصل آباد اورملتان ایئرپورٹ متاثر ہوئے ،ان ایئرپورٹس کی کئی پروازوں کو اسلام آباد میں لینڈ کرناپڑا جبکہ کئی ملکی وغیر ملکی پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں ۔ ادھر گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں میں سوموار کی رات سے برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے ، سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ ہو گیا۔ ضلع دیر بالا اور دیر لوئر کے علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر پھر برفباری ہوئی جس پر لوگوں نے سیاحتی مقامات کا رخ کرلیا۔ ادھر ضلع مری کی انتظامیہ نے مری، گلیات اور گردونواح کے سیاحوں کیلئے خصوصی ایڈوائزری جاری کر دی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں