مری :نیوایئرپردفعہ 144نافذ، راولپنڈی میں 600اہلکار تعینات

مری :نیوایئرپردفعہ 144نافذ، راولپنڈی میں 600اہلکار تعینات

مال روڈ، جی پی او چوک پر صرف فیملیز کو جانے کی اجازت، دیگر مقامات پر پابندی نہیں ون ویلنگ ،ریسنگ، کار سکٹنگ روکنے کیلئے 7سکواڈ اور خصوصی چیکنگ پکٹس بھی قائم

راولپنڈی، مری (نیوز رپورٹر، نمائندہ دنیا، این این آئی)مری میں نیوایئر کے موقع پر ایک دن 31دسمبر کیلئے دفعہ 144نافذ کر دی گئی، ڈی پی او مری کے مطابق صرف مال روڈ اور جی پی او چوک میں امن و امان قائم رکھنے کیلئے 144کا نفاذ انتہائی ضروری تھا، اطلاق 31دسمبر سے یکم جنوری تک ہوگا۔ مال روڈ اور جی پی او چوک میں صرف فیملیز کو داخلے کی اجازت ہو گی۔ دیگر تفریحی مقامات پر دفعہ 144کا نفاذ نہیں ہو گا۔ ادھر راولپنڈی ٹریفک پولیس نے نیو ائیر نائٹ پر شہریوں کی جان اور مال کے تحفظ اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے منظم ٹریفک پلان تیارکرلیا ہے ، 600سے زائد اہلکار ڈیوٹی انجام دیں گے ۔

ون ویلنگ ،ریسنگ اور کار سکٹنگ کی روک تھام کیلئے 7سپیشل سکواڈ تشکیل دئیے گئے اور خصوصی چیکنگ پکٹس بھی قائم کی گئی ہیں جو مال روڈ،پشاور روڈ، بینک روڈ، جہلم روڈ، اولڈ ایئرپورٹ روڈ،مری روڈاور سکستھ روڈ سمیت دیگر اہم شاہراہوں پر خلاف ورزی کے مرتکب منچلوں کے خلاف قانونی کارروائی کریں گے ۔ چرچز اور مذہبی مقامات سمیت پارکوں اور تفریحی مقامات پر بھی ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے اضافی نفری تعینات کی گئی ہے ۔ ادھر ریسکیو 1122مری نے ہائی الرٹ ایمرجنسی کور پلان جاری کر دیا ۔ مال روڈ، کشمیرپوائنٹ، پتریاٹہ، جھیکا گلی، باڑیاں اور بھوربن سمیت اہم سیاحتی مقامات پر خصوصی تعیناتی کی جائے گی۔ شہریوں اور سیاحوں سے کہا گیا کہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں، گاڑیوں میں ہیٹر کے استعمال میں احتیاط، آتش بازی سے گریز کریں، گرم لباس، کمبل اور ضروری سامان ساتھ رکھیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں