وفاقی کا بینہ:اسلام میں بلدیاتی انتخابات پھر ملتوی،5جی سپیکٹر م کی اگلے ماہ نیلامی

وفاقی کا بینہ:اسلام میں بلدیاتی انتخابات پھر ملتوی،5جی سپیکٹر م کی اگلے ماہ نیلامی

لوکل گورنمنٹ ترمیمی آرڈیننس کی سمری صدر کو بھجوا دی گئی ، اسلام آبادمیں پنجاب طرز کے بلدیاتی الیکشن کی قانون سازی کی بھی منظوری خسارے میں چلنے والے اداروں کی نجکاری معاشی اصلاحات کے ویژن کا حصہ ہے ، شہباز شریف کی گفتگو،پی آئی اے کی نجکاری پر اظہار اطمینان

اسلام آباد(نامہ نگار،خصوصی نیوز رپورٹر،اے پی پی،دنیا نیوز)وفاقی کابینہ نے اسلام آباد میں شیڈول بلدیاتی انتخابات پھر ملتوی کرنے کی منظوری دیدی۔وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا مختصر اجلاس ہوا ۔وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کے 3دسمبر اور 30 دسمبر 2025 کے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کر دی جس میں اسلام آباد کیپیٹل ٹیرٹری لوکل گورنمنٹ (ترمیمی) آرڈیننس 2025 کے حوالے سے کارروائی کی توثیق بھی شامل ہے ۔

آرڈیننس کے ذریعے اسلام آباد میں وارڈز کی تعداد بڑھائی جائے گی۔وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ خواجہ کے مطابق وفاقی کابینہ نے 5 جی سپیکٹرم کی نیلامی کی بھی توثیق کر دی ، 5 جی سپیکٹرم کی نیلامی اگلے ماہ کی جائے گی۔ذرائع کے مطابق کابینہ اجلاس میں وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق نئی قانون سازی پر غور کیا گیا جس میں چیف کمشنر اسلام آباد کی جانب سے وفاقی کابینہ کو بلدیاتی انتخابات سے متعلق بریفنگ دی جس کے بعد وفاقی کابینہ نے بلدیاتی انتخابات پھر ملتوی کرنے کی منظوری دیدی۔ذرائع کا بتانا ہے کابینہ نے اسلام آباد میں پنجاب طرز کے بلدیاتی انتخابات کی قانون سازی کی بھی منظوری دی ، الیکشن کمیشن نے اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کیلئے 15 فروری کی تاریخ مقرر کی تھی جبکہ 16 فروری سے 19 فروری تک نتائج مرتب کیے جانے تھے ۔

ذرائع کا کہنا ہے لوکل گورنمنٹ ترمیمی آرڈیننس کی سمری منظوری کیلئے صدر مملکت کو بھجوا دی گئی،صدر مملکت کے دستخط کے بعد باضابطہ آرڈیننس جاری کردیا جائے گا۔وفاقی کابینہ نے آف گرڈ کیپٹو پاور پلانٹس کو گیس کی فروخت کے حوالے سے آف گرڈ (کیپٹو پاور پلانٹس) لیوی ایکٹ 2025 میں ترمیم کے صدارتی حکم نامے کے اجرا کے لئے کارروائی کی بھی منظوری دی ۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے اراکین کو نئے سال کی مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ پی آئی اے کے 75 فیصد شیئرز کی نجکاری انتہائی کامیابی سے طے پائی اور بڈنگ کا عمل انتہائی شفاف رہا۔انہوں نے کہا ہم نے حکومت میں آتے ہی یہ عزم کیا تھا کہ خسارے کا شکار ریاستی ملکیتی اداروں کی نجکاری کی جائے گی،پی آئی اے کی نجکاری اس حوالے سے ایک انتہائی اہم سنگ میل ہے ۔ ان کا کہنا تھا خسارے میں جانے والے ریاستی ملکیتی اداروں کی نجکاری حکومت کی معاشی اصلاحات کے ویژن کا حصہ ہے ۔انہوں نے کہا رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں ملک کی جی ڈی پی میں خاطر خواہ اضافہ خوش آئند ہے ۔

ہم ملک کو ڈیفالٹ کے دہانے سے نکال کر معاشی استحکام تک لائے ہیں۔ انہوں نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے اپنی حالیہ ملاقاتوں کا ذکر کرتے ہوئے انہیں دو طرفہ تعلقات اور باہمی مشاورت کے تناظر میں انتہائی مفید قرار دیا۔ وزیراعظم نے کہا ایک روز قبل ان کی سعودی عرب کے ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے ٹیلیفون پر خوشگوار بات چیت ہوئی جس میں دونوں ممالک کے درمیان معاشی اور سٹراٹیجک تعلقات کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ وزیر اعظم نے کہا تعلقات کو مزید فروغ دینے کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی۔وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹیو کیسز کے 30 دسمبر 2025 کے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کر دی جس میں اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری لوکل گورنمنٹ (ترمیمی) آرڈیننس 2025 کے حوالے سے کارروائی کی توثیق بھی شامل ہے ۔ کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹیو کیسز کے 3 دسمبر 2025 کے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی بھی توثیق کی۔ کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 26 اگست 2025 کے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کی ۔

دریں اثنائوفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ خواجہ نے کہا ہے وفاقی کابینہ نے بڑے سپیکٹرم آکشن کے فریم ورک کی منظوری دے دی ، فائیو جی سروسز چھ ماہ کے اندر اسلام آباد سمیت صوبائی دارالحکومتوں میں شروع کر دی جائیں گی،ٹیلی کام سیکٹر کے حوالے سے عوام کے لیے خوشخبریاں ہیں ،حکومت انٹرنیٹ سے متعلق مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے ، پاکستان میں آسان اقساط پر 5 جی سمارٹ فون فراہم کیے جائیں گے ۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا انٹرنیٹ کی بندش کو کم سے کم رکھنے کے لیے بھرپور کوشش کی گئی اور اس سلسلے میں وزارت داخلہ کا مکمل تعاون بھی حاصل رہا۔ انہوں نے بتایا اس وقت پورا پاکستان 274 میگا ہرٹز سپیکٹرم پر چل رہا ہے ۔وفاقی وزیر نے اعلان کیا وفاقی کابینہ نے 5 جی سپیکٹرم کی نیلامی کی توثیق کر دی ہے اور 5 جی سپیکٹرم کی نیلامی اگلے ماہ کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا ملک کی ترقی میں انٹرنیٹ کا کلیدی کردار ہے اور پاکستان فری لانسرز کے ذریعے دنیا کی چوتھی بڑی ڈیجیٹل اکانومی بن چکا ہے ۔

شزا فاطمہ نے کہا5 جی سپیکٹرم کی نیلامی بہتر سے بہتر شرائط پر کرائی جائے گی۔ نیلامی کے لیے 7 مختلف بینڈز دستیاب ہیں جن میں سے 5 نئے بینڈز کی نیلامی کی جائے گی اور ہر بینڈ کی اپنی کوالٹی اور خصوصیات ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کابینہ نے ایم وی این او پالیسی کی بھی منظوری دے دی ہے جس کے تحت ایم وی این او کمپنیاں دیگر ٹیلی کام کمپنیوں کا نیٹ ورک استعمال کر کے سروس فراہم کر سکیں گی۔ان کا کہنا تھا کہ ایم وی این او کے آنے سے مزید برانڈز مارکیٹ میں آئیں گے ، مقابلہ بڑھے گا اور براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری آئے گی۔شزا فاطمہ نے کہا پی ٹی اے نے ضلعی سطح پر انٹرنیٹ لائسنسوں کی منظوری دے دی، گاؤں اور قصبوں کے کیبل آپریٹر ز بھی اب لائسنس حاصل کر سکیں گے ۔انہوں نے کہا 5جی نیلامی کے 3 سے 4 ماہ بعد 4جی سروس میں نمایاں فرق نظر آئے گا، پہلے 6 ماہ میں بڑے شہروں میں فائیو جی سروس کا آغاز کردیا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں