500 افسروں کی ترقی کیلئے ڈی ایس بی اجلاس تیسری بارموخر
گریڈ 19میں ترقی کیلئے 10دسمبر، 23دسمبر ، 6جنوری کو اجلاس بلایا جا چکا 3فروری نئی تاریخ مقرر، اوایم جی کے 150، 100 پولیس افسر ترقی کے منتظر
اسلام آباد (ایس ایم زمان )اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے ماتحت تین سروس کیڈر اور ایکس کیڈر کے 500 افسروں کی گریڈ 19 میں ترقی کیلئے ڈیپارٹمنٹل سلیکشن بورڈ (ڈی ایس بی )اجلاس تیسری مرتبہ موخر کر دیا گیا ، سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے آئندہ ماہ 3 فروری اجلاس منعقد کرنے کی نئی تاریخ مقرر کر دی ہے ، سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے قبل ازیں 6 جنوری 2026 کو ڈی ایس بی اجلاس بلانے کے احکامات دئیے تھے ، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے قبل ازیں گزشتہ سال 10 دسمبر 2025 ،اس کے بعد 23 دسمبر 2025 اور پھر 6 جنوری 2026 کو ڈی ایس بی اجلاس منعقد کرنے کے احکامات دئیے ، سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے 6 جنوری کو طلب اجلاس کوپھر موخر کردیا اور 3 فروری نئی تاریخ مقرر کردی ہے ،اجلاس میں آفس مینجمنٹ سروس گروپ کے سیکشن افسروں کو وفاقی وزارتوں میں سیکرٹریٹ سروس گروپ میں ڈپٹی سیکرٹری کی اسامیوں پر ترقی دی جاتی ہے ، جبکہ پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس گروپ اور پاکستان پولیس سروس گروپ کے افسروں کو گریڈ 19 میں ترقی دی جاتی ہے ، ڈی ایس بی اجلاس نہ ہونے کے باعث آفس مینجمنٹ سروس گروپ کے 150 ، پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس گروپ کے 250 کے قریب اور پاکستان پولیس سروس کے 100 کے قریب افسرگریڈ 19 میں ترقی کے منتظر ہیں۔