لاہور ہائیکورٹ کی 150سالہ تاریخی عمارت کی بحالی شروع

لاہور ہائیکورٹ کی 150سالہ تاریخی عمارت کی بحالی شروع

ٹپکتی چھتوں، ٹوٹی سڑکوں کی مرمت کا آغاز،آرکیٹیکچر کی خدمات لے لیں چیف جسٹس عالیہ نیلم نے دیرینہ مطالبہ پورا کیا:سیکرٹری لاہور ہائیکورٹ بار

لاہور(کورٹ رپورٹر)چیف جسٹس عالیہ نیلم کے حکم پر لاہور ہائیکورٹ کی150سالہ تاریخی عمارت کی مرمت اور تزئین وآرائش کا کام شروع کردیا گیا ،عرصہ دراز سے لاہورہائیکورٹ کی تاریخی عمارت ٹوٹ پھوٹ کا شکار تھی اور دیکھ بھال نہ ہونے اور بروقت مرمت کا کام نہ ہونے سے اپنی خوبصورتی کھوبیٹھی تھی۔چیف جسٹس عالیہ نیلم نے عدالت عالیہ کی تاریخی  عمارت کی حالت زار کا سخت نوٹس لیا جس کے بعد چیف جسٹس کے حکم پر تاریخی عمارت کی بحالی کا کام شروع کردیا گیا ،عمارت کے مختلف حصوں کی بحالی کیلئے کام تیزی سے جاری ہے جبکہ بعض عدالتوں کی چھتوں سے پانی ٹپکنے کی شکایات تھیں انہیں بھی ٹھیک کیاجارہا ہے ،عدالت عالیہ کی ٹوٹ پھوٹ کا شکار سڑکوں کی بحالی بھی شروع کردی گئی،عمارت کو اصل حالت میں بحال کرنے کے لیے قابل آرکیٹیکچر کی خدمات بھی حاصل کی گئیں ،سیکرٹری لاہورہائیکورٹ بار فرخ الیاس چیمہ نے چیف جسٹس عالیہ نیلم کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہایہ وکلا کا دیرینہ مطالبہ تھا جسے چیف جسٹس نے پورا کیا ۔ قانونی ماہر نصیر کمبوہ نے کہا لاہورہائیکورٹ کی عمارت عرصہ دراز سے حالت زار کا شکار تھی اور کسی نے بھی اس طرف توجہ نہیں دی لیکن چیف جسٹس عالیہ نیلم نے اس معاملہ کا سخت نوٹس لیکر عمارت کو اصل حالت میں بحال کرنے کا حکم دیا جو قابل ستائش ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں