ستھرا پنجاب پروگرام سے سندھ ،پختونخوا بھی استفادہ چاہتے :عظمیٰ

 ستھرا پنجاب پروگرام سے سندھ ،پختونخوا بھی استفادہ چاہتے :عظمیٰ

چیف سیکرٹری کے پی کے نے پروگرام کی تفصیلات طلب کی ہیں، پنجاب مدد کیلئے تیار سیاسی تلخیاں ،الزام تراشی چھوڑ کر ہمیں ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنا چاہئے

لاہور(سٹاف رپورٹر، آئی این پی)وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کا ستھرا پنجاب پروگرام نہ صرف مقامی سطح پر کامیابی حاصل کر چکا ہے بلکہ دیگر صوبے اور حتیٰ کہ بین الاقوامی شہر بھی اس سے مستفید ہونا چاہتے ہیں۔ سندھ حکومت نے ستھرا پنجاب پروگرام کے ماڈل کو اپنانے کی خواہش ظاہر کی ہے ، جبکہ خیبر پختونخوا حکومت بھی اس سے استفادہ کرنے کی نیت رکھتی ہے اور اس کے چیف سیکرٹری نے پروگرام کی تفصیلات طلب کی ہیں۔عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے برطانیہ کے شہر برمنگم کو بھی ستھرا پنجاب پروگرام میں رہنمائی فراہم کی ہے ،پنجاب کے دیگر کامیاب اقدامات میں تجاوزات کیخلاف آپریشن، ماڈل ولیج پروگرام اور پنجاب ڈویلپمنٹ پلان شامل ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پہلے ہی واضح کر دیا ہے کہ اگر کسی صوبے کو پنجاب کے کسی بھی اچھے منصوبے کی فیزیبلٹی چاہیے تو پنجاب ہر طرح کی مدد کیلئے تیار ہے ۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب ایک بڑا بھائی ہونے کے ناطے دیگر صوبوں کی عوامی فلاح کے منصوبوں میں مکمل تعاون کیلئے تیار ہے اور ہمیں خوشی ہوگی کہ سندھ اور خیبر پختونخوا کے عوام بھی پنجاب کی طرح بہترین سہولیات سے مستفید ہوں۔ ستھرا پنجاب پروگرام کو عالمی سطح پر پذیرائی حاصل ہو رہی ہے اور ہمارا مقصد یہ ہے کہ جیسے پنجاب صاف ستھرا ہے ، ویسے باقی صوبے بھی صاف ستھرے ہوں۔ انہوں نے زور دیا کہ سیاسی تلخیاں اور الزام تراشی کے بجائے ہمیں ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنا چاہیے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں