ڈار کا بنگلہ دیشی ہائی کمیشن کا دورہ، خالدہ ضیا کے انتقال پرفاتحہ خوانی

 ڈار کا بنگلہ دیشی ہائی کمیشن کا دورہ، خالدہ ضیا کے انتقال پرفاتحہ خوانی

مشکل گھڑی میں بنگلہ دیش کے ساتھ ، تعزیتی کتاب میں تاثرات قلمبند کئے سعودی وزیر خارجہ، آذر ی وزیر معیشت سے ٹیلی فونک رابطہ ، سرمایہ کاری پر تبادلہ

 اسلام آباد (وقائع نگار ، اے پی پی ) نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے بنگلہ دیش کی سابق وزیرِ اعظم بیگم خالدہ ضیا کے انتقال پر تعزیت کے لیے اسلام آباد میں بنگلہ دیشی ہائی کمیشن کا دورہ کیا اور بنگلہ دیش کے قائم مقام ہائی کمشنر سے تعزیت کی اور مرحومہ کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی اور تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات قلم بند کئے ۔دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیرِ اعظم نے کہا کہ چند ماہ قبل بنگلہ دیش کے دورے کے دوران انہیں بیگم خالدہ ضیا سے ملاقات کا موقع ملا تھا۔ انہوں نے کہا کہ مشکل کی گھڑی میں پاکستان کے عوامِ بنگلہ دیش کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار نے جمعہ کی شب سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے ٹیلی فون پر گفتگو کی،دونوں رہنماؤں نے خطے کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ۔ اسحاق ڈار نے وزارتِ خارجہ کے دورے پر آئے 53ویں کامن ٹریننگ پروگرام کے پروبیشنری افسران سے ملاقات و گفتگو کی ، وزیرِ خارجہ نے پاکستان کی اہم قومی ترجیحات پر زور دیا ۔ وزیر خارجہ نے آذربائیجان کے وزیر معیشت میکائل جباروف سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور پاکستان میں آذربائیجان کی جانب سے دو ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے عملی نفاذ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ جاری بیان کے مطابق پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی موجودہ صورتحال پر اطمینان کا اظہار اور انہیں مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا گیا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں