عوامی ایکشن کمیٹی کے 38نکات پر 98فیصد عملدرآمد :فیصل راٹھور
مذاکرات سے مسائل کا حل چاہتے ہیں ،انسانی جانوں کے ضیاع کی اجازت نہیں دینگے حکومت بننے کے بعد عوام کی مایوسی میں بے پناہ کمی آئی ، وزیراعظم آزاد کشمیر
مظفر آباد (بیورورپورٹ) وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ حکومت نے معاہدے کے تحت عوامی ایکشن کمیٹی کے 38نکات پر 98فیصد عملدرآمد کرلیا، ہماری حکومت بننے کے بعد عوام کی مایوسی میں بے پناہ کمی آئی ۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ سیاسی نظام پر عوام کا اعتماد ایک بار پھر بحال ہوا۔ معاہدے پر عملدرآمد حکومت کی اولین ترجیح تھی، تین ماہ کے بجائے حکومت نے سوا ماہ میں بیشتر نکات پر عملدرآمد کیا۔ حکومت نے عوامی مفاد کے فیصلوں میں تاخیر نہیں کی ۔حکومت کا مقصد کسی سے مقابلہ نہیں بلکہ عوامی مسائل کا حل ہے ۔ پاکستان پیپلز پارٹی مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل پر یقین رکھتی ہے ، افراتفری اور انسانی جانوں کے ضیاع کی اجازت نہیں دیں گے ۔