دعوت ولیمہ میں عمران خان کی تصویر لہرانے پر 7افراد گرفتار
کارکنوں کی نعرے بازی ، دولہے کا بھائی ،2 عہدیدار بھی گرفتار ہونیوالوں میں شامل
راہوالی (نامہ نگار)دعوت ولیمہ میں بانی تحریک انصاف عمران خان کی تصویر لہرا کر نعرے لگانے پر دو پارٹی عہدیداروں سمیت 7پی ٹی آئی کارکنوں کو گرفتار کر لیا گیا ۔ پی ٹی آ ئی راہوالی کے رہنما چاچا زاہد ملک کے بھائی ملک حسن کی مقامی مارکی میں دعوت ولیمہ تھی جس میں عزیزواقارب، رشتہ داروں کے علاوہ علاقہ کے تحریک انصاف کے کارکن ، ایم پی اے او رعہدیداروں نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر کسی کارکن نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی قد آور تصویر کی نمائش کی تو وہاں پر موجود کارکنوں کے جذبات قابو میں نہ رہ سکے اور نعرے لگانا شروع کرد ئیے ، تقریب ختم ہوتے ہی کینٹ پولیس نے کارروائی شروع کر دی اور رات گئے تک 2پارٹی عہدیداروں سمیت 7کارکنوں کو گرفتار کرکے نقص امن کا مقدمہ درج کر لیا ۔ گرفتار ملزموں میں سینئر نائب تحصیل صدر طارق محمود وڑائچ، جنرل سیکرٹری کینٹ مرزا عمران بیگ، دولہا کے بھائی چاچا زاہد ملک، افتخار احمد ڈانجہ، کریم حسن بھنڈر، ایاز مہر اور ذیشان اقبال شامل ہیں۔