چار سدہ:شادی والے گھر چھت گرگئی،5بچیاں،1خاتون جاں بحق،5زخمی

چار سدہ:شادی والے گھر چھت گرگئی،5بچیاں،1خاتون جاں بحق،5زخمی

مرنے والوں میں ماں اور3بیٹیاں بھی شامل،زخمی خواتین ہسپتال منتقل،بعض کی حالت تشویشناک حادثہ شبقدر مٹہ خیرآباد میں ایک شخص فضل داد کے گھر پیش آیا،لاشیں ورثاکے حوالے ،تحقیقات شروع

چارسدہ (دنیا نیوز،ایجنسیاں)شادی والے گھر کمرے کی چھت گرنے سے 5بچیاں،ایک خاتون جاں بحق ،5خواتین زخمی ہوگئیں،حادثہ خیبرپختونخوا کے ضلع چارسدہ کے علاقے شبقدر مٹہ خیرآباد میں فضل داد نامی شخص کے گھر پیش آیا،حکام کے مطابق چھت گرنے سے شادی  میں آئے ہوئے مہمان ملبے تلے دب گئے ، ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ پانچ بچیاں اورایک خاتون موقع پرچل بسی، پولیس اور ریسکیو اداروں نے واقعے سے متعلق مزید معلومات اکٹھی کرنا شروع کر دی ہیں، لاشیں ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئیں۔بتایا جا رہا ہے کہ مذکورہ گھر میں شادی کی تیاریاں جاری تھیں ،جاں بحق افراد میں 3سالہ مصفہ دختر شیراز ، 12سالہ صائمہ دختر رئیس ،32سالہ نائدہ زوجہ امروز ، 5سالہ مریم دختر امروز ، 2سالہ زونیشہ دختر امروز اور14سالہ ثانیہ دختر امروز شامل ہیں، زخمیوں میں 45سالہ دولت بی بی زوجہ حکیم ،17سالہ یمنہ دختر فضل داؤد ، 6سالہ حسبہ دختر عدنان ، 17سالہ آمنہ دختر فضل داؤد اور 30سالہ نعیمہ زوجہ شیراز شامل ہیں۔واقعہ کے بعد مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت ملبے تلے دبے افراد کو نکال کر زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا، جہاں بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے ،واقعے سے علاقے میں فضا سوگ وار رہی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں