پی ٹی آئی مذاکرات چاہتی ہے تو سوشل میڈیا پراداروں کیخلا ف مہم جوئی بندکردے :راناثنا
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)مشیر وزیر اعظم سینیٹر رانا ثنااللہ نے کہاہے کہ موجودہ حکومت میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ، ڈاکوؤں اور مجرموں کیلئے کوئی نرمی نہیں ہے ۔
سابق حکومت نے چار سال میں کوئی منصوبہ شروع نہیں کیا جبکہ موجودہ حکومت نے شہر اور دیہی علاقوں میں صفائی، تعلیمی وظائف، آسان قرضے اور دیگر ترقیاتی منصوبے شروع کئے ہیں۔فیصل آباد کے 30 چک میں خطاب کے دوران اورایک انٹرویو میں انہوں نے پی ٹی آئی کی سٹریٹ موومنٹ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مذاکرات کی دعوت کے باوجود ناکامی کے امکانات ہیں اور مخالفین نشان عبرت بنیں گے ۔ سیاسی جماعتوں سے اختلاف اپنی جگہ لیکن آرمی چیف اور اداروں کیخلاف مہم جوئی کا کیا جواز ہے ؟ ،کیاایسی مہم جوئی کی صورتحال میں مذاکرات کی بات آگے بڑھ سکتی ہے ؟ ،عمران خان نے مذاکرات کرنے کا فیصلہ کرنا ہے ، اگر مذاکرات چاہتے ہیں تو ان کے سوشل میڈیا کو قومی اداروں کیخلاف ہرزہ سرائی اور مہم جوئی سے دستبردار ہونا پڑے گا۔