علیمہ کیخلاف 26نومبراحتجاج کیس ،روزانہ سماعت کا حکم
حاضری استثنیٰ کی درخواست مسترد ،عدم پیشی پر علیمہ خان کے وارنٹ جاری 18گواہوں کی شہادتیں ر یکارڈ ،5ملزموں کے وکلا نے جرح بھی مکمل کرلی
راولپنڈی (خبرنگار)انسداد دہشت گردی عدالت میں علیمہ خان سمیت 10ملزموں کیخلاف 26 نومبر احتجاج کیس اختتامی مرحلے میں پہنچ گیا ،عدم پیشی پر علیمہ خان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے گئے ،جج امجدعلی شاہ نے علیمہ خان کی حاضری استثنیٰ کی درخواست مسترد کردی اورمقدمہ کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر کرنے کا حکم دیدیا۔ استغاثہ کی جانب سے مقدمہ کے تمام 18 گواہوں کی شہادتیں ریکارڈ ہونے کے بعد پانچ ملزموں کے وکلا نے تمام گواہوں پر جرح مکمل کر لی۔گزشتہ روز سماعت پر 9ملزم حاضر تھے ،تمام گوا ہ بھی پیش ہوئے ۔سماعت کے آغاز پر علیمہ خان کے وکیل فیصل ملک نے ملزمہ کی حاضری معافی کی درخواست دی اور موقف اختیار کیا کہ ملزمہ کی لاہور میں مختلف مقدمات میں عدالتوں میں پیشی ہے ۔ پراسیکیوٹر سید ظہیر شاہ نے کہاکہ مقدمے کی 28 سماعتیں ہو چکی ہیں لیکن ان کے روئیے کی وجہ سے کیس سست روی کا شکارہے ،استدعاہے کہ آج سے روزانہ کی بنیاد پر مقدمے کی سماعت مقرر کی جائے ۔