معدنیات میں سرمایہ کاری ،مختلف ملکوں کو شریک کرنیکا فیصلہ
اپریل میں بڑا ایونٹ کرنے کیلئے ،دنیابھر میں سفیروں کیساتھ آن لائن میٹنگ
اسلام آباد (ذیشان یوسفزئی)معدنیات کے شعبے میں امریکا ، چین اورسعودی عرب سمیت دنیا کے مختلف ممالک کو شریک کرنے کافیصلہ کرلیاگیا ، اس حوالے سے پاکستان اپریل میں ایک بڑا ایونٹ منعقد کر ے گا۔ پاک منرلز انویسٹمنٹ فورم کے سلسلے میں وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے دنیا بھر میں پاکستان کے مختلف سفیروں کے ساتھ آن لائن میٹنگ کی ۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہمارے لئے یہ بات ضروری نہیں کہ کونسا ملک بڑا ہے یا چھوٹا بلکہ ہم نے یہ دیکھنا ہے کہ کونسا ملک پاکستان کو فائدہ دیگا۔ پاکستان میں رواں سال اپریل میں پاک منرلز انویسٹمنٹ فورم کا انعقاد کیا جائے گا جس میں دنیا کے بڑے بڑے سرمایہ کاروں کو دعوت دی جائے گی تاکہ وہ اس شعبے میں پاکستان کے اندر پوٹینشل دیکھ سکیں۔ رواں ماہ ریاض میں ہونے والے فیوچر منرلز فورم میں پاکستان شریک ہوگا ۔ پاکستان اپنا پویلین ’’پاکستان دا منرل مارول ‘‘کے نام سے لگائے گا اور پاکستان کی 13 سرکاری و نجی منرل کمپنیاں فورم کا حصہ ہوں گی۔