نادیہ جہانگیر سیٹھ سمیڈا کی چیف ایگزیکٹو آفیسر مقرر
لاہور(خبر نگار) وفاقی حکومت نے کابینہ کی منظوری سے نادیہ جہانگیر سیٹھ کو سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) کی چیف ایگزیکٹو آفیسر مقرر کر دیا ہے ۔
انکی تقرری تین سال کی مدت کیلئے فوری طور پر نافذ العمل ہے ۔نادیہ جہانگیر سیٹھ ایک تجربہ کار پالیسی پروفیشنل ہیں جن کا کیریئر پاکستان میں ایس ایم ای کی ترقی کیلئے وقف ہے ۔ انہوں نے 2002 میں سمیڈا میں شمولیت اختیار کی اور 19 سال سے زائد عرصے تک خدمات انجام دیں۔ حال ہی میں وہ پالیسی اینڈ پلاننگ ڈویژن کی جنرل منیجر تھیں۔وہ ایک پبلک پالیسی ایکسپرٹ کے طور پر جانی جاتی ہیں اور انکے پاس ریسرچ پر مبنی پالیسی سازی اور ایس ایم ایز ایڈووکیسی کا وسیع تجربہ ہے ۔ وہ اس ٹیم کا بھی حصہ تھیں جس نے 2007 میں پاکستان کی پہلی ایس ایم ای پالیسی تیار کی ۔وہ اس وقت دوسری ایس ایم ای پالیسی کی سربراہی کر رہی ہیں۔نادیہ جہانگیر نے جی سی یونیورسٹی سے اکنامکس میں ماسٹرکرنے کے علاوہ ٹورن یونیورسٹی اٹلی سے ڈویلپمنٹ مینجمنٹ میں بھی ڈگری حاصل کر رکھی ہے ۔ علاوہ ازیں انہوں نے کینڈی سکول آف گورنمنٹ ، ہارورڈ یونیورسٹی سے ٹریڈ پالیسی اینڈ ڈویلپمنٹ پر سپیشل ٹریننگ بھی حاصل کررکھی ہے ۔ انہوں نے متعدد ممالک میں پبلک پالیسی اور ایس ایم ای ڈویلپمنٹ کے خصوصی کورسز میں شرکت کی جہاں انہیں جاپان، ترکی، کوریا، سنگاپور اور امریکا کے ترقیاتی ماڈلز کے مطالعہ کا موقع ملا۔ انہوں نے حال ہی میں پاکستان میں انٹرپرائز فارملائزیشن کی تحقیقی رپورٹ کی تیاری میں مرکزی کردار ادا کیا ہے ۔