شدید دھند میں ٹریفک حادثات،10افراد جاں بحق،33زخمی

شدید دھند  میں  ٹریفک حادثات،10افراد جاں بحق،33زخمی

چکوال میں بس کھائی میں گرنے سے 5، ٹوبہ میں گاڑی الٹنے سے 4، اوکاڑہ میں منی ٹرک اور ٹرالہ میں ٹکر سے 1شخص چل بسا اہم شاہراہیں، موٹروے سیکشن مخصوص مقامات پر بند، ٹرینیں تاخیر کا شکار رہیں، آئندہ 24گھنٹوں میں مزید دھند کا امکان

لاہور، اسلام آباد(آئی این پی،اپنے رپورٹر سے ، اپنے کامرس رپورٹر سے )لاہور سمیت کئی شہروں میں شدید دھند کا راج برقرار، نظام زندگی مفلوج ہوکررہ گیا، متعدد اہم قومی شاہراہیں، موٹروے سیکشن ٹریفک کی آمدورفت کیلئے مخصوص مقامات سے بند کردئیے گئے ، میدانی علاقوں میں شدید دھند کے باعث ٹرین شیڈول بری طرح متاثر ہونے پر کراچی اور کوئٹہ سمیت مختلف شہروں سے لاہور آنے والی ٹرینیں گھنٹوں تاخیر کا شکاررہیں، مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ۔محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں آج جمعرات کو موسم سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد رہنے جبکہ پنجاب، بالائی سندھ اور خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں درمیانی سے شدید دھند چھا ئے رہنے کا امکان ہے ۔ شدید دھند کے باعث مختلف ٹریفک حادثات میں 10افراد جاں بحق، 33زخمی ہوگئے ۔ چکوال کے علاقہ تلہ گنگ میں مسافر بس 100فٹ گہری کھائی میں گرنے سے 5 افراد جاں بحق،27 زخمی ہوئے ، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں مویشیوں سے لدی گاڑی الٹنے سے 4 افراد جان سے گئے ،اوکاڑہ میں منی ٹرک اور ٹرالر میں ٹکر کے باعث ایک شخص دم توڑ گیا۔

تلہ گنگ کے قریب بس کھائی میں گرنے سے مرنے والوں میں 56 سالہ بس ڈرائیور عبدالستار، 40 سالہ ضیا احمد ساکن کوٹلی ستیاں، 33 سالہ محمد اسحاق ساکن لودھراں اور 45 سالہ رمضان ساکن ملتان شامل ہیں، پانچویں شخص کی شناخت نہیں ہوسکی۔27مسافر زخمی ہوئے ۔ بس راولپنڈی سے بہاولپور جا رہی تھی، دھند کے باعث موٹروے بند ہونے پر ڈرائیور نے متبادل راستہ اختیار کرتے ہوئے تلہ گنگ فتح جنگ روڈ کا انتخاب کیا۔بس سوان دریا کے کنارے واقع گاؤں ڈھوکے پٹھان کے قریب پہنچی تو تنگ اور بل کھاتی سڑک کے باعث ڈرائیور بس پر قابو نہ رکھ سکا جس کے نتیجے میں بس تقریباً 100 فٹ گہری کھائی میں جاگری۔ادھر ٹوبہ ٹیک سنگھ میں مویشیوں سے لدی گاڑی الٹنے سے 4 افراد جاں بحق،4شدید زخمی ہوگئے ۔تیسرے حادثہ میں مین جی ٹی روڈ اوکاڑہ ٹول پلازہ پر منی مزدا ٹرک تیز رفتاری کے باعث ٹرالرکو عقب سے جا ٹکرایا،جس سے ایک شخص جاں بحق ، 3 زخمی ہوگئے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں