اسلام آباد ، کراچی سے عازمینِ حج روڈ ٹو مکہ کے تحت سعودیہ جائینگے
پاکستان میں ہی امیگریشن مکمل ،سعودیہ پہنچتے ہی ہوٹلوں میں منتقل ہو سکیں گے فریضۂ حج کی ادائیگی کے بعد اسی سہولت کے تحت انہیں وطن واپس لایا جائے گا
اسلام آباد (سید قیصر شاہ) سرکاری حج سکیم کے تحت رواں سال اسلام آباد اور کراچی سے جانے والے عازمینِ حج کو روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے تحت حجازِ مقدس روانہ کیا جائے گا، پاکستان میں ہی ان کی امیگریشن مکمل کر لی جائے گی۔اسلام آباد ایئرپورٹ سے روانہ ہونے والے راولپنڈی ڈویژن، کشمیر اور خیبر پختونخوا کے بعض اضلاع کے عازمینِ حج جبکہ کراچی ایئرپورٹ سے جانے والے عازمین کی امیگریشن بھی پاکستان میں ہی کی جائے گی۔ اس سہولت کے تحت عازمینِ حج حجازِ مقدس پہنچنے کے بعد ایئرپورٹ پر کسی انتظار کے بغیر سیدھے اپنے ہوٹلوں میں منتقل ہو سکیں گے ۔اسی طرح فریضۂ حج کی ادائیگی کے بعد واپسی پر بھی انہیں اسی سہولت کے تحت وطن واپس لایا جائے گا۔روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ میں دیگر شہروں کو شامل کرنے کے لئے بھی سعودی حکومت سے بات چیت کی جائے گی۔