شناختی کارڈ بلاک معاملہ:غلط تعمیلی رپورٹ پر عدالت شدید برہم
متعلقہ حکام کو شرم آنی چاہیے ، معمولی کام کیلئے بیوہ کو ہائیکورٹ جانا پڑا:جج افضل مجوکہ یہ افسر تعمیل کے قابل نہیں، کسی پولیس چوکی میں تعینات کیا جانا چاہیے :ریمارکس
اسلام آباد (اپنے نامہ نگار سے )ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکہ نے بیوہ کی مرحوم خاوند کا قومی شناختی کارڈ ان بلاک کرانے کی درخواست پر فوری عملدرآمد کا حکم دیتے ہوئے تعمیلی رپورٹ میں غلط بیانی پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور ریمارکس دیئے کہ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ کال کے ذریعے تعمیل کی گئی جبکہ ضابطہ فوجداری میں فون پر تعمیل کا کوئی ذکر موجود نہیں۔ جھوٹی رپورٹ جمع کروا کر عدالت کو گمراہ کیا جا رہا، صریحاً جھوٹ بولا گیا۔ عدالت کو بتایا گیا کہ مقدمہ کے باعث خاتون کے مرحوم شوہر کا شناختی کارڈ بلاک ہے اور ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری نہیں ہو سکا۔ جج نے ریمارکس دئیے کہ ایک بیوہ کو اتنے معمولی کام کیلئے ہائیکورٹ جانا پڑا جو افسوسناک ہے ، متعلقہ حکام کو اس پر شرم آنی چاہیے ۔ جج نے تعمیلی افسر کے طرزِ عمل پر سخت ناراضی کا اظہار کیا اور کہا یہ افسر تعمیل کے قابل نہیں اسے کسی پولیس چوکی میں تعینات کیا جانا چاہیے ۔ عدالت نے حکم دیا کہ آج ہی ہر صورت تعمیل مکمل کی جائے ۔ عدالت نے مزید سماعت مؤخر کر کے فوری عملدرآمد کی ہدایت جاری کر دی۔