سپریم کورٹ:افغان کمشنریٹ کو ملبہ ہٹانے کا حکم برقرار
افغان کمشنریٹ کرایہ کی ادائیگی اور کیمپ کا ملبہ ہٹانے کا پابند ہے :عدالت عظمیٰ نچلی عدالتوں کے فیصلوں میں قانونی سقم نہیں، ملبہ نہ ہٹانے سے متعلق اپیل خارج
اسلام آباد (کورٹ رپورٹر)سپریم کورٹ نے افغان مہاجرین کیلئے استعمال ہونے والی اراضی کے کرایہ کی عدم ادائیگی اور مہاجر کیمپ کا ملبہ نہ ہٹانے سے متعلق کیس میں افغان کمشنریٹ پشاور کی اپیل خارج کرتے ہوئے ہائیکورٹ اور ماتحت عدالتوں کا فیصلہ برقرار رکھا۔ چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں عدالت عظمیٰ نے دوران سماعت قرار دیا کہ افغان کمشنریٹ کرایہ کی ادائیگی اور کیمپ کا ملبہ ہٹانے کا پابند ہے ، اس ضمن میں نچلی عدالتوں کے فیصلوں میں کوئی قانونی سقم نہیں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے اگر کیمپ خالی کر کے دے دیا گیا تو زمین مالکان ملبہ خود بھی ہٹا سکتے ہیں۔ وکیل نے جواب دیا کہ ملبہ ہٹانے پر بھاری اخراجات آتے ہیں جو افغان کمشنریٹ کی ذمہ داری ہے ۔ چیف جسٹس نے کہا اگر متاثرین کی رضامندی ہو تو افغان کمشنریٹ کو جون تک کا وقت دیا جا سکتا ہے تاکہ وہ ملبہ ہٹا دیں، عدالت نے واضح کیا کہ بنیادی ذمہ داری کمشنریٹ پر ہی عائد ہوتی ہے ۔