ٹی وی آمدن پر ٹیکس:اٹارنی جنرل آج عدالتی معاونت کیلئے طلب
اسلام آباد ہائیکورٹ کا پی بی اے سمیت آٹھ چینلز کی درخواستوں پر اٹارنی جنرل کو نوٹس 5فیصد سالانہ محصول کے پیمرا نوٹسز پر جاری حکمِ امتناع کے کیس کی سماعت آج ہوگی
اسلام آباد (اپنے نامہ نگارسے )اسلام آباد ہائیکورٹ نے ٹی وی چینلز کو اشتہارات کی مد میں سالانہ آمدنی کا 5 فیصد بطور محصول جمع کرانے کے پیمرا نوٹسز کے خلاف کیس میں اٹارنی جنرل پاکستان کو عدالتی معاونت کے لیے نوٹس جاری کر کے آج طلب کر لیا۔ جسٹس ثمن رفعت امتیا نے پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن اور ٹی وی چینلز کی درخواستوں پر تحریری حکم نامہ جاری کیا، جس میں کہا گیا، اٹارنی جنرل آج 8جنوری کو عدالت میں پیش ہو کر معاونت کریں۔ عدالت نے پی بی اے سمیت آٹھ ٹی وی چینلز کی درخواستوں پر اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کیا۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔ پی بی اے اور ٹی وی چینلز نے پیمرا کے نوٹسز کے خلاف 2022 میں اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا،عدالت نے اشتہارات کی سالانہ آمدن پر پانچ فیصد محصول ادائیگی کے پیمرا نوٹسز پر حکم امتناع جاری کر رکھا تھا۔