قتل کیس کے 2اشتہاری سعودیہ سے گرفتار، اسلام آباد منتقل
حوالگی انٹرپول ریاض کیساتھ قریبی رابطہ کاری کی وجہ سے ممکن ہوئی
راولپنڈی(این این آئی)ایف آئی اے نے قتل اور اقدام قتل کے مقدمات میں مطلوب دو اشتہاری ملزموں کو سعودی عرب سے گرفتار کر لیاجن میں محمد اسحاق اور عرفان علی شامل ہیں، ملزموں کو اسلام آباد ایئرپورٹ منتقل کیا گیا ۔حکام کے مطابق ملزم محمد اسحاق گزشتہ 17 سال سے خوشاب پولیس کو مطلوب تھا ۔اسی طرح ملزم عرفان علی نارووال پولیس کو سال 2020 سے مطلوب تھا ۔ایف آئی اے این سی بی انٹرپول نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے ریڈ نوٹسز جاری کیے تھے ۔ ملزمان کو ایف آئی اے امیگریشن اسلام آباد نے پنجاب پولیس کے متعلقہ حکام کے حوالے کر دیا۔ ملزمان کی حوالگی انٹرپول اسلام آباد کی انٹرپول ریاض کے ساتھ قریبی رابطہ کاری کی وجہ سے ممکن ہوئی۔