ملکی سلامتی و ریڈ لائن، صورتحال کا جاری رہنا ناقابل قبول : ایرانی فوج، ٹرمپ نے فوجی کارروائی کی دھمکی دیدی : پاکستانیوں کو ایران نہ جانیکی ہدایت

ملکی سلامتی و ریڈ لائن، صورتحال کا جاری رہنا ناقابل قبول : ایرانی فوج، ٹرمپ نے فوجی کارروائی کی دھمکی دیدی : پاکستانیوں کو ایران نہ جانیکی ہدایت

ایران کے بڑے شہر وں میں مظاہرے جاری ،تہران میں بلدیاتی عمارت جلادی ،انٹرنیٹ کی بندش برقرار،مظاہروں کے دوران مارے گئے سکیورٹی اہلکاروں کی تدفین ایران بڑی مشکل میں ہے ، عوام بعض شہروں میں غلبہ حاصل کر رہے ، چند ہفتے پہلے کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا، لوگوں کو قتل کیا تو ہم مداخلت کریں گے :امریکی صدر

اسلام آباد ،تہران (نیوز ایجنسیاں )وزارت خارجہ نے پاکستانی شہریوں سے کہا ہے کہ وہ اپنی حفاظت اور سلامتی کے لئے حالات بہتر ہونے تک اسلامی جمہوریہ ایران کے غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ ٹریول ایڈوائزری میں ایران میں مقیم پاکستانی شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ انتہائی احتیاط برتیں، چوکس رہیں، غیر ضروری نقل و حرکت کم سے کم رکھیں اور پاکستانی سفارتی مشنز سے باقاعدہ رابطے میں رہیں ۔ دوسری جانب ایران کے بڑے شہر راتوں رات اسلامی جمہوریہ کے خلاف نئے بڑے عوامی مظاہروں کی لپیٹ میں آ گئے۔ تہران کے سعدت آباد علاقے میں لوگوں نے برتن بجائے اور حکومت مخالف نعرے لگائے ، جبکہ گاڑیوں کے ہارن حمایت کے طور پر بجتے رہے۔

سوشل میڈیا پر دارالحکومت کے دیگر حصوں کے ساتھ ساتھ مشرقی شہر مشہد، شمالی شہر تبریز اور مقدس شہر قم میں بھی اسی نوعیت کے بڑے مظاہرے دکھائے گئے۔ ایرانی نوبیل امن انعام یافتہ شیرین عبادی نے خبردار کیا کہ سکیورٹی فورسز وسیع پیمانے پر مواصلاتی بلیک آؤٹ کی آڑ میں قتلِ عام کی تیاری کر سکتی ہیں۔امریکی صدر ٹرمپ نے ایک بار پھر ایران کے خلاف نئی فوجی کارروائی کے امکان کو مسترد کرنے سے انکار کیا ۔ٹرمپ نے کہاایران بڑی مشکل میں ہے ۔ مجھے ایسا لگتا ہے کہ عوام بعض شہروں میں غلبہ حاصل کر رہے ہیں، جن کے بارے میں چند ہفتے پہلے کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا۔جب ان سے ایران کی قیادت کے لیے اپنے پیغام کے بارے میں پوچھا گیا تو ٹرمپ نے کہا،بہتر ہے کہ تم گولیاں چلانا شروع نہ کرو، کیونکہ ہم بھی پھر گولیاں چلانا شروع کر دیں گے۔ ٹرمپ نے مزید کہا اگر وہ ماضی کی طرح لوگوں کو قتل کرنا شروع کرتے ہیں تو ہم مداخلت کریں گے۔

انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہااس کا مطلب یہ نہیں کہ زمینی فوج اتاری جائے ، بلکہ اس کا مطلب ہے کہ انہیں وہاں بہت، بہت سخت ضرب لگائی جائے جہاں سب سے زیادہ تکلیف ہو۔مزید براں ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے خبردار کیا ہے کہ ملک کی سلامتی ایک ‘‘ریڈ لائن’’ ہے۔ سرکاری ٹی وی پر نشر ہونے والے بیان میں پاسدارانِ انقلاب نے الزام عائد کیا کہ دہشت گرد گروہ گزشتہ دو راتوں کے دوران فوجی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ٹھکانوں کو نشانہ بناتے رہے ، جس کے نتیجے میں متعدد شہری اور سکیورٹی اہلکار مارے گئے اور املاک کو آگ لگا دی گئی۔بیان میں کہا گیا کہ 1979 کے اسلامی انقلاب کی کامیابیوں کا تحفظ اور سکیورٹی برقرار رکھنا ‘‘ریڈ لائن’’ ہے اور موجودہ صورتحال کا جاری رہنا ناقابلِ قبول ہے ۔

ایرانی فوج جو پاسدارانِ انقلاب سے الگ ہے لیکن سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی کمان میں کام کرتی ہے ، نے اعلان کیا کہ وہ قومی مفادات، ملک کے اسٹریٹجک انفراسٹرکچر اور عوامی املاک کا تحفظ کرے گی ۔امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ہفتے کو کہاامریکا ایران کے بہادر عوام کی حمایت کرتا ہے ۔ایران میں رات گئے تک بدامنی جاری رہی۔ سرکاری میڈیا کے مطابق تہران کے مغرب میں واقع کرج میں ایک بلدیاتی عمارت کو آگ لگا دی گئی، جس کا الزام ‘‘شرپسندوں’’ پر عائد کیا گیا۔ سرکاری ٹی وی نے شیراز، قم اور ہمدان میں سکیورٹی اہلکاروں کی تدفین کی فوٹیج نشر کی، جن کے بارے میں کہا گیا کہ وہ مظاہروں کے دوران مارے گئے ۔ حکام نے انٹرنیٹ کی بندش برقرار رکھی ہوئی ہے ۔ مغربی ایران میں ایک عینی شاہد نے فون پر بتایا کہ پاسدارانِ انقلاب تعینات ہیں اور اس علاقے میں فائرنگ کر رہے ہیں، تاہم سکیورٹی خدشات کے باعث انہوں نے شناخت ظاہر کرنے سے انکار کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں